بیرون ملک مقیم شہری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
فیصلے کا انٹرپول ، حوالگی یا نیب کارروائیوں پر اثر نہیں پڑیگا:اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری ہاشم محمود کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیاہے کہ بیرون ملک پہلے سے موجود شخص پر ای سی ایل کا ابتدائی حکم لاگو نہیں کیا جا سکتا،عدالت نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو درخواست گزار کے پاکستانی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست قانون کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کر دی ،جسٹس محمد آصف نے شہری کی درخواست پرتحریری فیصلہ جاری کیا،عدالت نے واضح کیا کہ فیصلے کا انٹرپول کے ریڈ نوٹس، حوالگی کی کارروائی یا قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہاشم محمود پاکستانی شہری ہیں اور 2017 سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ ان کے پاس امریکی ویزا، ملازمت کی اجازت کا دستاویز (ایمپلائمنٹ اتھورائزیشن ڈاکومنٹ) اور ریاست ٹیکساس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود ہے ، درخواست گزار نے پاکستانی پاسپورٹ کی فوری تجدید کے لیے آن لائن درخواست دی تھی، تاہم حکام نے یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے درخواست مؤخر کردی کہ ان کا نام ای سی ایل میں موجود ہے ، عدالتی ریکارڈ کے مطابق لاہور کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج مقدمے کے سلسلے میں پولیس کی درخواست پر درخواست گزار کے خلاف انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری کیا گیا تھا، وزارت داخلہ نے 25 اگست 2026 کی رپورٹ میں مؤقف اپنایا کہ نیب کی سفارش اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ہاشم محمود کا نام 23 مئی 2023 کو ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments