ملک میں سیلز ٹیکس چوری کا فوری تدارک ہونا چاہئے :محمد اورنگزیب
پاکستان پولٹری پیداوار میں 11ویں نمبر پر، برآمدات بڑھانے کی ضرورت :وزیر خزانہ
لاہور(کامرس رپورٹر،آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سیلز ٹیکس چوری کا فوری تدارک ہونا چاہئے، وزیراعظم بھی سیلز ٹیکس چوری کی روک تھام کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں،پاکستان دنیا میں پولٹری کی پیداوار کے حوالے سے 11واں بڑا ملک ہے تاہم پولٹری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کوایکسپو سینٹر لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے، پولٹری انڈسٹری سے 15 لاکھ خاندان منسلک ہیں، یہ سیکٹر سالانہ 2.5 ارب کلوگرام گوشت اور 28 ملین انڈے پیدا کرتا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی پولٹری برآمدات 4 ملین ڈالر سے زیادہ نہیں جبکہ عالمی پولٹری مارکیٹ کا حجم 45 ارب ڈالر ہے، وسطی اور جنوبی ایشیا میں گوشت کی برآمدات میں پولٹری کا حصہ بھی کم ہے ، جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پولٹری انڈسٹری کے شعبے کو درپیش مسائل دور کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرر ہی ہے ،پولٹری انڈسٹری میں سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھا سکتا ہے ۔زرعی معیشت کی ترقی کے لئے لائیوسٹاک اور پولٹری کے شعبوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے ،غذائی تحفظ کے لئے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فراہمی ناگزیر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments