وزیرعظم نے اسلام آبادمیں نیشنل ٹیکنا لو جی پارک کا افتتاح کردیا
ایئرپورٹس پر مسافروں کی مشکلات ختم کرنے ،سمارٹ سکینرز لگانے کے احکامات شہباز شریف کا صدر آذربائیجان سے ٹیلیفونک رابطہ،تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (دنیانیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آبادمیں نیشنل ٹیکنا لو جی پارک کا افتتاح کیا ،اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں جدید ٹیکنالوجی کی جانب قدم بڑھا رہا ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح اور اسے دانش آئی ٹی پارک کا نام دینے کا اعلان اسی سفر کی ایک اہم کڑی ہے۔ نیشنل ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا،منصوبے کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ،انہوں نے کہا دانش آئی ٹی پارک سے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھل گئیں۔
دریں اثنا وزیراعظم نے کسٹمز کے نظام پر جائزہ اجلاس میں ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات کو ختم کرنے اور ان کے لئے سفر میں مزید سہولت پیدا کرنے کیلئے اقدامات کی منظوری دی اور ایئرپورٹس پر فوری سمارٹ سکینرز نصب کرنے ،مسافروں کو بلا ضرورت پوچھ گچھ سے تنگ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کئے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے صدر آذربائیجان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاک آذربائیجان برادرانہ تعلقات، دیرینہ دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ہم آہنگی کومضبوط اقتصادی،سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پراتفاق کیا،دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اورجاری منصوبوں، بشمول اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز پرپیشرفت کوسراہا گیا،رہنماؤں نے علاقائی اورعالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے خطے میں امن،مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔صدرالہام علیوف نے پاکستان کی تعمیری سفارتکاری کوسراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments