پختونخوا: دراندازی کی کوشش ناکام، 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک ، نائب صوبیدار شہید
سکیورٹی فورسز نے کرم میں سرحد پر پاکستان داخلے کی کوشش کرنے والے گروہ کیخلاف کارروائی کی:آئی ایس پی آر بلوچستان میں افغانستان سے اسلحہ سمگلنگ کی بھی کوشش، گولہ بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی، سرچ آپریشن جاری
پشاور،راولپنڈی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی، نامہ نگار)پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا،فائرنگ کے تبادلہ میں ایک نائب صوبیدار شہید ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کرم میں پاک افغان سرحد پر پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا اورکارروائی کرتے ہوئے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا، دراندازی کی کوشش میں خوارج کی معاونت کیلئے افغان طالبان کی پوسٹوں سے بھی فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہو گئے ،40 سالہ شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کاتعلق ضلع غذر سے تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعہ افغان سرزمین دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکامی کے پاکستان کے مو قف کی تصدیق کرتا ہے ،افغان طالبان رجیم سرحد پار دہشت گردی کی روک تھام کے بجائے اس کی سہولت کاری اور سرپرستی کر رہی ہے ، علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ادھر بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈکارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے گولہ بارود لانے کی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایف سی بلوچستان اور سکیورٹی فورسزکی جانب سے آپریشن ردالفتنہ کے تحت مشترکہ کارروائی کی اور سرانان میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر اسلحہ وگولہ بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی، گاڑی سے 3 آر پی جی، 4 لائٹ مشین گنز، مشین گن، دستی بم، راکٹس اور گولہ بارود برآمد ہوئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرانان میں دہشتگرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 12 خوارج و افغان طالبان کو ہلاک کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ دوران نائب صوبیدار ہدایت امان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نائب صوبیدار ہدایت امان نے وطن کی سرحدوں کے دفاع میں بہادری اور فرض شناسی کی عظیم مثال قائم کی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments