پی ٹی آئی کی احتجاج سے منسوب ویڈیوز جعلی :عظمیٰ بخاری

پی ٹی آئی کی احتجاج سے منسوب ویڈیوز جعلی :عظمیٰ بخاری

جامشورو کے بوائلر ، جنترمنتر کی ویڈیوز کو احتجاج سے منسوب کیا گیا پنجاب پولیس نے اقرار الحسن کو گرفتار نہیں کیا:وزیر اطلاعات و ثقافت

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی جعلی ویڈیوز کی حقیقت سامنے آ گئی ، جامشورو میں ایک بوائلر کی پرانی ویڈیو کو پشاور احتجاج سے منسوب کیا گیا جبکہ ایک بھارتی شہری اشوک سوان نے جنترمنتر کے احتجاج کی ویڈیو کو اسلام آباد احتجاج کی ویڈیو سے منسوب کردیا۔اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ جعلی لیڈرشپ، جعلی انقلاب، جعلی احتجاج!اگلی بار چاند پر بھی جلسہ کروا دینا،  ناسا والی ویڈیو بھی لگا دینا۔انہوں نے کہا کہ جس صوبائی حکومت کے زیر سایہ دہشتگرد محفوظ ،پولیس نہتی ہو اور عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے ، وہاں ایمرجنسی ہی ہوتی ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جو وزیر اعلیٰ قومی ترانے اور جھنڈے کے احترام سے عاری ہو، وہ قابل نفرت ہوتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے 13 سال میں پختونخوا کو کیا دیا،عوام کے ساتھ کیا سلوک کیا، یہ سب روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔ ادھر وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے اقرار الحسن کو گرفتار نہیں کیا،اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اقرار الحسن بارے جیسے ہی مصدقہ اطلاعات موصول ہوں گی، ان کے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...