پختونخوا پولیس کیلئے تاریخی ریلیف پیکیج، شہدا معاوضہ ساڑھے 3 کروڑ کردیا گیا
کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے شہدا کیلئے 1کروڑ 70 لاکھ ، ڈی ایس پی ،اے ایس پی شہدا کا معاوضہ ڈھائی کروڑ مقرر گریڈ 18 اور 19 کے شہدا کا معاوضہ 3 کروڑ ، گریڈ 20 اس سے اوپر کے شہداء کے ورثا کو ساڑھے تین کروڑ ملے گا تنخواہوں میں بھی اضافہ ، زخمی اہلکاروں کیلئے 15 لاکھ ،مستقل معذوری پر 50 لاکھ ، پلاٹ کے بجائے رقم دی جائیگی
پشاور(دنیا رپورٹ )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہداء، زخمی اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے لئے تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے معاوضوں اور مالی مراعات میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ، اعلان کردہ پیکیج کے تحت شہداء کے معاوضوں میں اضافہ، ورثاء کو رہائشی پلاٹوں کے بجائے براہِ راست مالی معاونت، زخمی اہلکاروں کے لئے خصوصی امداد اور پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا اعلان کیا گیا ،گورنر فیصل کریم کنڈی نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا ، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 18 اور 19 کے شہداء کا معاوضہ دو کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر تین کروڑ روپے ، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہداء کا معاوضہ بڑھا کر ساڑھے تین کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ۔گورنر خیبرپختونخوا نے شہداء کے ورثاء کے لیے پلاٹ کی جگہ براہِ راست مالی معاونت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے شہداء کے خاندانوں کو پانچ مرلہ پلاٹ کے متبادل کے طور پر ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کے ورثاء کو رہائشی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے ۔اسی طرح گریڈ 18 اور 19 کے شہداء کے ورثاء کو 10 مرلہ پلاٹ کے بجائے ساڑھے تین کروڑ روپے، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہداء کے خاندانوں کو ایک کنال پلاٹ کے متبادل کے طور پر سات کروڑ روپے مالی معاونت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کا مالی امدادی پیکیج ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دیا گیا ، جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے ۔پیکیج میں پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے بھی مالی امداد شامل ہے ۔ اہلکاروں کے شریکِ حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں 50 لاکھ روپے ، جبکہ والدین یا بہن بھائیوں کی وفات پر 30 لاکھ روپے مالی معاونت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے بطور خصوصی تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ،گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بینکوں اور کارپوریٹ کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت بھی کی ، انہوں نے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندان قوم کا فخر ہیں اور ان کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے لیے اعلان کردہ ریلیف پیکیج اہلکاروں اور شہداء کی قربانیوں کا اعتراف ہے اور اس کا مقصد ان کے خاندانوں کو مالی تحفظ اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments