چاغی مسلح افراد کا حملہ، تھانہ تباہ : بلوچستان، پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشتگرد ہلاک

چاغی مسلح افراد کا حملہ، تھانہ تباہ : بلوچستان، پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشتگرد ہلاک

2 دہشت گرد مستونگ ،3سوات میں مارے گئے ،دشت اور تربت سے 104 غیر قانونی افغان شہری گرفتار حملہ آوروں نے تھانہ یک مچ پر قبضہ کیا ،دھماکا خیز مواد سے عمارت کو اڑا دیا،تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے

  کوئٹہ،راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور (سٹاف رپورٹر، اے پی پی،نامہ نگار،دنیا نیوز)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ، 104 غیر قانونی افغان شہری بھی گرفتار کر لئے گئے ،دوسری طرف نامعلوم مسلح افراد نے چاغی کے تھانہ یک مچ کو حملہ کرکے تباہ کر دیا۔ادھر پختونخوا کے ضلع سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر گروپ کے 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ ۔تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ کے علاقہ پرنگ آباد کے قریب آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اوراس دوران فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک کردئیے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے دشت اورتربت میں انسانی سمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنادی اورغیرقانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا ۔ دوسری طرف ضلع چاغی کے دور افتادہ علاقے یک مچ میں نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ یک مچ کو بھاری دھماکا خیز مواد نصب کرکے مکمل تباہ کر دیا۔ تھانہ یک مچ کے ایس ایچ او کے مطابق گزشتہ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے مسلح افراد نے تھانے پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کیا اور پھر دھماکا خیز مواد نصب کرکے عمارت کو تباہ کر دیا جس سے عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی ، واقعے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے ،حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے یک مچ بازار میں نصب متعدد سکیورٹی کیمروں کو بھی فائرنگ کر کے تباہ کر دیا، یک مچ تھانہ این-40 شاہراہ کوئٹہ تفتان تجارتی راستہ پر واقع ہے ،پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دیں ،آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دریں اثناء محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پختونخوا اور سوات پولیس نے ضلع سوات کے علاقے سخاڈوب تھانہ کانجو کی حدود میں گزشتہ روز علی الصبح انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مبینہ دہشت گردوں عبداﷲولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اﷲولد افضل کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک افراد کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، چھ میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کر لئے گئے ہیں۔ تینوں مبینہ دہشت گرد رواں سال ہونیوالی دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث تھے ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق 2مبینہ دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے ، تلاش جاری ہے ۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب اور موثر آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...