چیف جسٹس عالیہ نیلم پاکپتن پہنچ گئیں، دربار بابا فریدؒ پر حاضری
وہاڑی میں پنجاب کے پہلے جینڈر بیسڈ وائلنس کے متاثرین کیلئے مخصوص کمرہ قائم پاکپتن میں دربار بابا فرید پر حاضری، عارف والا،میلسی اور بورے والا بھی گئیں
لاہور ،پاکپتن (کورٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا، خبرنگار)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے وہاڑی میں پنجاب کے پہلے جینڈر بیسڈ وائلنس (صنفی بنیاد پر تشدد) کے متاثرین کیلئے مخصوص کمرے کا افتتاح کردیا جبکہ سائلین، وکلا اور خواتین وکلا کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کے تحت پاکپتن، وہاڑی، عارف والا، میلسی اور بورے والا کی عدالتوں اور بار رومز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ بنانے کیلئے سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پاکپتن اور وہاڑی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں ای لائبریریز، خواتین وکلا کیلئے لیڈی بار رومز، ڈے کیئر سنٹرز اور سائلین کیلئے جدید ویٹنگ ایریاز شامل ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی پاکپتن ،عارفوالہ، وہاڑی ، میلسی، اور بورے والا آمد پر وکلا تنظیموں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کیے ۔ اس موقع پر دونوں اضلاع کے سیشن ججز اور تمام جوڈیشل افسران بھی موجود تھے ۔ وکلا تنظیموں نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کے عدالتی نظام میں بہتری، خواتین وکلا کی سہولت اور سائلین کی فلاح کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ ان منصوبوں کو عدالتی سہولیات کی بہتری اور عوام کو بہتر انصاف کی فراہمی کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔جبکہ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پاکپتن اور وہاڑی میں متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں ای لائبریریز، خواتین وکلا کیلئے لیڈی بار رومز، ڈے کیئر سینٹرز اور سائلین کے لیے جدید ویٹنگ ایریاز سمیت سہولت سنٹر شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکپتن اور وہاڑی کی عدالتوں اور بار رومز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا مقصد بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ عدالتی امور اور وکلا کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں لوڈشیڈنگ سے متاثر نہ ہوں۔ جدید سہولیات سے آراستہ ویٹنگ ایریاز کے قیام سے سائلین کو بھی بہتر ماحول میسر آئے گا ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے پاکپتن میں دربار حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر حاضری دی اور چادر چڑھائی ۔وکلا تنظیموں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے گفتگو کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات سے نہ صرف بلا تفریق وکلا کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کیے جارہے بلکہ وکلا کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہورہے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کے مشکور ہیں ۔دوسری جانب چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وہاڑی میں پنجاب کے پہلے جینڈر بیسڈ وائلنس (صنفی بنیاد پر تشدد) کے متاثرین کیلئے مخصوص کمرے کا بھی افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد تشدد سے متاثرہ افراد کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ مخصوص کمرے میں متاثرین کی رازداری اور تحفظ کا خیال رکھا جائے گا تاکہ وہ بلاخوف اپنی شکایات اور مسائل بیان کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments