ڈویلپمنٹ کا تاریخی دور شروع ، ترقی ہر شہر، گاؤں تک پہنچ رہی:مریم نواز
اپنی چھت، اپنا گھر جیسی سکیم کی افادیت دنیا بھر تسلیم کر چکی، پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں :پیغامات بچے پر تشدد کرنیوالے ٹیچر کے چہرے پر بھی جوتے ماریں تاکہ نشان پڑ جائیں :وزیراعلیٰ کا ایکس پر بیان
لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈویلپمنٹ سے متعلق معلومات عوام کا حق ہے ،باخبر عوام ترقی کی دلیل ہیں ، اپنی چھت، اپنا گھر جیسی کم لاگت کی ترقیاتی سکیم کی افادیت کودنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے ،عوام پنجاب حکومت کے ہر ترقیاتی پراجیکٹ کی بھرپورحوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پرجاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عالمی یوم ترقیاتی معلومات ڈیجیٹل خواندگی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت اجاگر کرتا ہے ،ڈویلپمنٹ سے متعلق درست معلومات سے ہی بدعنوانی کا خاتمہ اور عوامی فلاحی سکیموں کے فوائد براہِ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے درست معلومات کی فراہمی سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کے درست ڈیٹا سے غربت،پسماندگی ختم اور ڈویلپمنٹ کو یقینی بنایا جارہاہے ، پنجاب میں ڈویلپمنٹ کا تاریخی دور شروع ہوچکا ، ترقی ہر شہر، ہر قصبے اور ہر گاؤں تک پہنچ رہی ہے ،45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نوازہیلتھ کلینک ڈویلپمنٹ کی روشن مثال ہیں ،صوبہ بھر میں مساویانہ ترقی پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھا سکتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی معلومات کا عوامی شعور بیدارکرنے کے لئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ قابل قدر خدمات انجام دے رہاہے ۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز کو قوم کے ہیرو قرار دیا اور پولیو ورکرز کے جذبے اور خدمات کو سلام پیش کیا اورکہاکہ پنجاب سے پولیو کے 100 فیصد خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ والدین اور کمیونٹی پولیوٹیم کے ساتھ سے تعاون کریں،پولیو ویکسی نیشن سے انکار دراصل بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل سے انکار ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ والدین 5 سال تک کے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلوائیں ، رواں برس اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب سے ایک بھی پولیو کیس سامنے نہیں آیا ،انسدادِ پولیو مہم کے ذریعے 13 حساس اضلاع میں 5 سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ ملک بھر کیساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاری مکمل ہے ،انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہم کنار ہو رہی ہے مگر ہمہ سمت مستقل کاوشوں کے بغیر، پولیو خدانانخواستہ پلٹ بھی سکتا ہے ۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے آزاد کشمیر کے یوم تاسیس پراپنے پیغام میں کہاکہ 24 اکتوبر کشمیر میں آزاد حکومت کے قیام کا دن ہے ، ریاست جمو ں و کشمیر کے غیور عوام نے قابض فوج کے خلاف علم بغاوت بلند کرکے تحریک آزادی کی بنیاد رکھی،اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی قرار داد عالمی ضمیر پر بہت بڑا بوجھ ہے ،مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر ثبت ہوچکی ہے ۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے بچے پر تشدد کرنے والے سکول ٹیچر کی گرفتاری کی تصویرسماجی رابطے کے پلیٹ فارم’’ایکس ‘‘پر شیئر کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بچے پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے چہرے پر بھی جوتے ماریں تاکہ نشان پڑ جائیں ،انہوں نے بچے پر تشدد کے واقعے پر شدید غصے کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے سینئر صحافی مبشر زیدی کی توجہ دلانے والی ٹویٹ پر ردعمل میں جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حنا جاوید قتل کیس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہوں، ڈی این اے اور پولی گراف ٹیسٹ کے نتائج قتل اور زیادتی میں گھریلو ملازم کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں ،کیس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments