عمران خان کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑینگے
اسلام آباد/کوئٹہ (این این آئی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ مل کر عمران خان کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔۔۔
عمران خان سے ملاقات سیاسی مذاکرات کی مثبت ابتدا ہوگی جبکہ ان کی رہائی کا فیصلہ حکومت بھی کر سکتی ہے ۔ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری یقینی بنانا ضروری ہے ۔ انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر زور دیا کہ وہ مصلحت پسندی ترک کرکے اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہو اور پارٹی میں ووٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔انہوں نے کہا کہ پشتون، بلوچ، پنجابی اور سندھی عوام کو اپنے وسائل پر حق حکمرانی ملنا چاہیے ، جبکہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری نظام کے استحکام کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس اسی ماہ منعقد ہوگی، جس میں غربت، کسانوں اور صحافیوں کے مسائل سمیت اہم قومی امور کو بھی ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ اور آئین کو بالادست بنانے کا اعلان کرے ، تمام پالیسیاں پارلیمنٹ میں تشکیل دی جائیں اور ہر ادارہ اس کے ماتحت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور جمہوری جدوجہد میں ہے ، کیونکہ ملک مزید انتشار اور خانہ جنگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments