پاک چین دوستی کے 75برس مکمل، چینی وفد آج پاکستان پہنچے گا
اسلام آباد (دنیا نیوز) پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آج پاکستان کے دورے پر پہنچیں گی، دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔۔۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ آج پاکستان پہنچیں گی، ان کے ہمراہ آنے والا وفد چینی وزارت اطلاعات اور وزارت خارجہ کے حکام پر مشتمل ہوگا۔ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، چینی سفارت خانے کا عملہ اور پاکستانی حکام وفد کا استقبال کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماؤ ننگ کے دورہ پاکستان کے دوران چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا، وہ پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات اور سی پیک کا حصہ ہے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان اپنے دورے کے دوران پاکستانی وزارت خارجہ بھی جائیں گی جہاں ان کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمانوں کے درمیان 26 اکتوبر کو مشاورت بھی ہوگی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات و ابلاغ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments