وزیر پٹرولیم ،سعودی سفیر ملاقات:توانائی میں تعاون پر اتفاق

 وزیر پٹرولیم ،سعودی سفیر ملاقات:توانائی میں تعاون پر اتفاق

سعودی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل ذخیرہ کی پیشکش، حب میں ریفائننگ کمپلیکس منصوبہ پرگفتگو سعودی سفارت خانے میں پاکستانیوں کی ویزا درخواستوں پراسی روز پراسیسنگ :راجح بن طامی

اسلام آباد (اے پی پی) سعودی سفیر نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواستوں کی اسی روز پراسیسنگ شروع کر دی ہے تاکہ سفر کو آسان بنایا جائے اور کاروباری، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کو تقویت ملے ۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے ملاقات کی جس میں توانائی، پٹرولیم، معدنیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ سٹوریج پالیسی منظور کر لی ہے جس کے تحت سعودی کمپنیوں کو پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر تیل ذخیرہ کرنے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ حب، بلوچستان میں بڑے پٹرولیم سٹوریج،ریفائننگ کمپلیکس کے قیام اور پاکستانی ریفائنریز کی اپ گریڈیشن میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سعودی آرامکو سے اضافی خام تیل اور ایل پی جی کی فراہمی پر بھی بات ہوئی۔ علی پرویز ملک نے سعودی نائب وزیر برائے معدنیات خالد المدیفر کو 12 اور 13 نومبر کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات سے سعودی عرب کو آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سے منسلک بحری ترسیل کے خطرات میں تنوع لانے اور ایشیائی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...