لاپتا کیس:ادارے روایتی کے بجائے موثر اقدامات کریں،عدالت

لاپتا کیس:ادارے روایتی کے بجائے موثر اقدامات کریں،عدالت

کیسز میں اضافہ خدشات کو جنم دے رہا ،ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اداروں میں کاغذی کارروائی کو احکامات پر عملدرآمد تصور نہیں کیا جاسکتا ،ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ لاپتا افراد کے کیسز میں اضافہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات کو جنم دے رہا ہے ، ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایک فرد کے غائب ہونے سے پورا خاندان شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے ، متعلقہ اداروں کو روایتی کارروائی کے بجائے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ لاپتا افراد کے معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے متعلقہ ادارے ان کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، محض اداروں کے درمیان کاغذی کارروائی کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد تصور نہیں کیا جاسکتا۔ سماعت کے دوران پولیس نے لاپتا شہریوں سے متعلق رپورٹس پیش کیں، رپورٹ کے مطابق پریڈی سے لاپتا عبدالمنان کی بازیابی کے لیے جے آئی ٹی کا ایک اجلاس ہوچکا ہے جبکہ صدر سے لاپتا فہد کی بازیابی کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرسید کے علاقے سے لاپتا محمد احمد کے اہل خانہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکا، جس پر عدالت نے اہل خانہ کو بیان ریکارڈ کرانے اور مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کو عدالتی احکامات متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور ان کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...