بدقسمتی سے انصاف کے دروازے ہمارے لئے بند :گوہر

 بدقسمتی سے انصاف کے دروازے ہمارے لئے بند :گوہر

190ملین پائونڈ کیس کی جس دن سماعت ہوئی عمران،بشریٰ بری ہونگے :کھوسہ توشہ خانہ ، سائفر،عدت کیسز کی طرح یہ کیس بھی ا ڑ جائیگا:سلمان صفدر،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں)  چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہے کہ ہم انصاف کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں، لیکن بدقسمتی سے انصاف کے دروازے ہمارے لئے بند ہیں، جب انصاف کے دروازے بند ہو جائیں تو انصاف ناپید ہو جاتا ہے ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو، وہ معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے ، ہمارے ساتھ ہر فورم پر ناانصافی ہوئی۔ الیکشن کمیشن سے لے کر ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک ہمیں انصاف نہیں ملا، اب آئینی عدالت نے بھی ایسا حکم جاری کیا ہے جس کے باعث ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف ہماری درخواستوں کی سماعت میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں،تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور سپیکر کی بازیابی سے متعلق مقدمات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ عدالتوں کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں ،انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا امید ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ عمران خان سے آخری ملاقات کو ایک سال سے زائد وقت گزر چکا، ملاقاتیں بحال ہوتیں توآج حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ایک گھنٹے کیلئے بھی جیل میں نہیں ہونا چاہیے ، وہ غیر سیاسی ہیں انہیں رہا کیا جائے ۔ پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا ریکارڈ بہت واضح ہے ،جس دن عدالت میں یہ کیس سنا گیا عمران خان اور بشری ٰبی بی کی بریت یقینی ہے ،کیسز میں کوئی قانونی شواہد نہیں ہیں،190 ملین پاؤنڈ کیس سے بشریٰ بی بی کا کوئی تعلق ہی نہیں بنتا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی نے مجھے بتایا تھا کہ یکم نومبر کو بھی میرا بلڈ پریشر 192 تھا،انہوں نے کہا عمران خان اپنی اہلیہ کی بینائی متاثر ہونے سے بہت پریشان تھے ،اس وجہ سے بھی ان کا بلڈ پریشر بڑھ رہا ہے ،عمران خان نے مجھے کہا میری اہلیہ کے علاج کیلئے کوشش کی جائے ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں کی حالت ہسپتال منتقل کرنے والی ہے ۔ بیرسٹر سلمان صفدرنے کہا جس طرح توشہ خانہ کیس، سائفر کیس اور عدت کیس عوام کے سامنے ردی کی ٹوکری میں گئے یہ کیس بھی اڑ جائے گا ، انہوں نے کہا کہ میں اور سردار لطیف کھوسہ پروفیشنل وکیل ہیں،ہم بیان حلفی کے مطابق ملاقات کے بعد واویلا نہیں کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...