چیئرمین واپڈا کا تربیلا حادثے کے مقام کا دورہ، انکوائری کاحکم
فوری اقدامات پر عملدرآمد،ابتدائی رپورٹ وزارت آبی وسائل کو بھجوادی تربیلا کے مین ڈیم اور کسی بھی دوسرے اہم سٹرکچر کوخطرہ نہیں، واپڈا ٹیم متفق
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،دنیا نیوز)تربیلا توسیعی منصوبے میں پیش آنے والے حادثے کا وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے نوٹس لے لیا، واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے ان ٹیک سٹرکچر، ٹنل، پاور ہاؤس اور دیگر اہم تعمیراتی سائٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور پراجیکٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں واقعہ کی ممکنہ وجوہات اوراس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قلیل ، وسط اور طویل مدتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فوری نوعیت کے اقدامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔پراجیکٹ پر فوری نوعیت کے اقدامات پر عملدرآمد شروع کیا جاچکا ہے۔
علاوہ ازیں کنسلٹنٹس، کنٹریکٹر اور واپڈا ٹیم اپنے اپنے جائزوں میں اس بات پر متفق پائے گئے کہ تربیلا کے مین ڈیم اور کسی بھی دوسرے اہم سٹرکچر کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ۔ چیئرمین واپڈا نے کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں پر جامع رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے ۔ انہوں نے کنسلٹنٹس، کنٹریکٹر اور واپڈا کی پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ بحالی کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور ساتھ ہی ہنگامی لائحہ عمل کو بھی حتمی شکل دی جائے تاکہ منصوبے کی مجموعی تکمیل میں اس واقعہ کی وجہ سے ممکنہ تاخیر کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ انہوں نے واقعہ کی جامع تحقیقات کے لئے محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دیا۔وزارت آبی وسائل نے بھی واپڈا سے اس واقعہ کی ابتدائی جائزہ رپورٹ طلب کی ہے ، جو انہیں بھجوا دی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments