لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں بدستور سرفہرست،بارش کا امکان
پاکستان میں ملتان کا پہلا نمبر ، شہری نڈھال، سموگ کے خلاف آپریشن تیز پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ،بارشوں سے سموگ میں کمی ہوگی:حکام
لاہور،ملتان (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی رپورٹر )بھارت میں دیوالی کی آتشبازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے اثرات صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں نظر آنے لگے ، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں بدستور پہلے نمبر پر برقرار،کئی علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کا سامنا ہے ۔فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور شہر میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ، دریں اثناء پنجاب کے دیگر شہروں کی فضا بھی انتہائی آلودہ ہو چکی، پاکستان میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے ملتان پہلے نمبر پر آگیا، گزشتہ روز شہر میں آلودگی کی مجموعی درجہ بندی میں یہ شرح 1004،بہاولپور میں 796 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آلودگی کے ہر مقامی ذریعے کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
پنجاب بھر میں 28 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، جن میں سے 3 کو سیل اور 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 11 بھٹے سیل، ایک مسمار اور 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق پختونخواکے مختلف اضلاع،آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ، گلگت بلتستان میں اسی د وران پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے جبکہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )پنجاب نے لاہور، قصور، سیالکوٹ ، شیخوپورہ سمیت بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز 12 اور 13 نومبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے کہا ہے کہ بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے ،بارشوں کے باعث سموگ میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا، تمام کمشنرز اور ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments