پنجاب حکومت کا گلف سٹریم طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے : صوبائی کابینہ نے منظوری دیدی
نئے طیارے میں نصب جدید نظاموں کے باعث اس کے انتظام اور دیکھ بھال کے معاملات دن بدن مشکل ہوتے جا رہے ہیں:ایڈیشنل چیف سیکرٹری پاک فضائیہ کے 3 پائلٹوں کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے سپر د ، طیارے کو پی اے ایف کا نمبر ٹیل الاٹ ، ایم اویو کی منظوری ،اجلاس کی تفصیلات
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے گلف سٹریم طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاکستان ایئر فورس کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے صوبائی کابینہ کے 19اکتوبر 2026 کے اجلاس کی تفصیلات سامنے آئی ہیں ، جس کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ وی آئی پی فلائٹ ونگ (FW)، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD)، حکومت پنجاب کے اعلیٰ حکومتی عہدیداران کے استعمال کیلئے سرکاری طیاروں کی دیکھ بھال اور انتظامات کا ذمہ دار ہے۔ حال ہی میں حکومت پنجاب نے ایک جدید ترین جیٹ طیارہ اپنے بیڑے میں شامل کیا ہے ، جو جدید ایویانکس (Avionics)، جدید ترین آن بورڈ سسٹمز اور بہتر آپریشنل صلاحیتوں سے لیس ہے۔
یہ طیارہ تکنیکی اعتبار سے انتہائی جدید ہے اور اس کے محفوظ، مؤثر اور قابلِ اعتماد آپریشن کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور مخصوص مینٹی ننس سپورٹ کی ضرورت ہے ۔فی الوقت وی آئی پی فلائٹ (FW)، S&GAD اس طیارے کی دیکھ بھال کے امور انجام دے رہا ہے ۔ تاہم، یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ محدود تکنیکی صلاحیتوں اور نئے طیارے میں نصب جدید نظاموں کے باعث اس طیارے کے انتظام و انصرام اور دیکھ بھال کے معاملات دن بدن مشکل ہوتے جا رہے ہیں۔پاکستان ایئر فورس کے پاس گلف اسٹریم طیاروں کا بیڑا موجود ہے اور اسے اس نوعیت کے طیاروں کے محفوظ اور مؤثر آپریشن اور دیکھ بھال کیلئے مطلوبہ تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملہ، آپریشنل تجربہ اور مینٹی ننس کا ضروری انفراسٹرکچر حاصل ہے ۔یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ مذکورہ طیارے کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) کے رجسٹر سے خارج (Deregister) کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان ایئر فورس نے اس طیارے کو مسلسل آپریشنل رکھنے کیلئے اسے اپنا ٹیل نمبر (Tail Number) الاٹ کیا۔
مزید برآں، پاکستان ایئر فورس نے اپنے تین حاضر سروس پائلٹس کو ڈیپوٹیشن (عارضی تعیناتی ) کی بنیاد پر حکومت پنجاب کے سپرد کیا ہوا ہے ۔یہ پائلٹس حکومت پنجاب کے پائلٹس کے ہمراہ G-500 طیارے کی پرواز کے آپریشنز انجام دے رہے ہیں۔طیارے کی جدید تکنیکی ساخت، پیچیدہ آپریشنل ضروریات اور دیکھ بھال کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ناگزیر ہے کہ اس کی مسلسل فضائی اہلیت ، آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔اسی تناظر میں وی آئی پی فلائٹ نے پاکستان ایئر فورس کے ساتھ مشاورت کی تاکہ مذکورہ طیارے کو پاکستان ایئر فورس کے آپریشنل کنٹرول میں دے دیا جائے ۔ طیارے کی دیکھ بھال (Maintenance) کی مکمل ذمہ داری پاکستان ایئر فورس کو منتقل کر دی جائے۔
اس نوعیت کا انتظام طیارے کی تکنیکی اور آپریشنل ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے اور اس کے بہتر انتظام و انصرام میں معاون ثابت ہوگا۔ حکومت پنجاب اور پاکستان ایئر فورس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) کے مسودے کی منظوری دی جائے ، جس میں طیارے کی دیکھ بھال ، تکنیکی امور اور مالی انتظامات کی ذمہ داریوں اور طریقۂ کار کا تعین کیا گیا ہو۔ ایڈیشنل سیکرٹری (ویلفیئر)، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو حکومت پنجاب کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار دیا جائے ۔چنانچہ صوبائی کابینہ نے طیارے کے آپریشنل کنٹرول اور مینٹی ننس کی ذمہ داری پاکستان ایئر فورس کو منتقل کرنے کے مجوزہ انتظام کی منظوری دی ہے ۔ اس کی عملی شرائط، مالی ذمہ داریوں اور اختیارات کی تفصیل متعلقہ MoU میں طے ہونا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments