ہائیکورٹ :صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو طلب

 ہائیکورٹ :صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو طلب

ایف آئی آرز اور چالان عدالتوں میں جمع کرانے کی صورتحال پر غور کیا جائیگا لاپتا خواتین کے مقدمات ، اینٹی کرپشن و سی سی ڈی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا

لاہور(محمد اشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ میں صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اہم اجلاس 19 نومبر کو طلب کر لیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم اجلاس کی صدارت کریں گی۔اجلاس کا تفصیلی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 تک درج ہونے والی ایف آئی آرز اور چالان عدالتوں میں جمع کرانے کی صورتحال زیر غور آئے گی۔ جیلوں میں قیدیوں کی مجموعی تعداد، گنجائش اور گنجائش سے زائد قیدیوں کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا۔

پروبیشن اور پیرول پر رہا ہونے والے قیدیوں کے اعدادوشمار پیش کیے جائیں گے ، جبکہ جیلوں میں قیدیوں کا رش کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 تک سزا یافتہ اور بری ہونے والے ملزموں کے اعدادوشمار بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔اجلاس میں صوبے بھر میں لاپتا خواتین کے مقدمات اور ان کی بازیابی کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی زیر تفتیش انکوائریوں، درج مقدمات اور عدالتوں میں جمع کرائے گئے چالان کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ یکم جنوری سے 31 اکتوبر 2026 تک اینٹی کرپشن مقدمات میں عدالتوں کے روبرو پیش ہونے والے گواہوں کے اعدادوشمار بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔

اجلاس میں سی سی ڈی پنجاب کی جانب سے 31 اکتوبر 2026 تک درج اور تفتیش کیے گئے مقدمات کی تازہ ترین رپورٹ پیش کی جائے گی۔ 2017 تک کے زیر التوا پرانے مقدمات میں چالان جمع نہ ہونے کی وجوہات، تفتیشی پیش رفت اور سال وار مقدمات کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پرانے مقدمات کی تفتیش کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی غور ہوگا۔حکومتی محکموں سے متعلق مقدمات کی معلومات متعلقہ محکموں کو ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کرنے کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔ اجلاس میں قانون و انصاف کمیشن پاکستان، محکمہ داخلہ، پراسیکیوشن، پولیس، جیل خانہ جات، اینٹی کرپشن، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...