حکومت کا منصوبوں کی ادا ئیگی کیلئے چیک سسٹم ختم کرنیکا فیصلہ

 حکومت کا منصوبوں کی ادا ئیگی کیلئے چیک سسٹم ختم کرنیکا فیصلہ

نئے نظام کے تحت پرانی چیک بکس جمع ، ادائیگیاں EAAسسٹم کے تحت ہونگی وزارت خزانہ کی اے جی پی آر کو ادائیگیاں نئے نظام سے منسلک کرنے کی ہدایت

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی وزارت خزانہ نے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے چیک سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ای اے اے (EAA) سسٹم نافذ کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے ہیں ۔وزارت خزانہ نے اے جی پی آر کو تمام ادائیگیوں کو ای اے اے سسٹم سے منسلک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ نظام کے نفاذ کے لیے آپریشنل تیاریوں کے تحت صارفین کی تربیت، رابطہ کاری، وینڈر رجسٹریشن اور دیگر ضروری امور جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ، جبکہ تکنیکی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے وینڈر ماسٹر ڈیٹا کی تیاری بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ نظام کو فعال بنایا جا سکے ۔وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ای اے اے سسٹم پر منتقلی کے بعد اے جی پی آر کی جانب سے جاری کردہ پرانی چیک بکس متعلقہ سیکشن میں جمع کرا کر بند کرائی جائیں۔ اس سلسلے میں نیشنل بینک کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا ، مقررہ تاریخ کے بعد ای اے اے سسٹم پر منتقل ہونے والے منصوبوں کے لئے پرانے چیک قابل قبول نہیں ہوں گے ۔ تاہم، مقررہ تاریخ سے قبل جاری کئے گئے چیک متعلقہ قوانین کے تحت تین ماہ کی مقررہ مدت تک قابل قبول ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...