28ویں ترمیم، نئے صوبوں پر ن لیگ تاحال تذبذب کا شکار

28ویں ترمیم، نئے صوبوں پر ن لیگ تاحال تذبذب کا شکار

صدر زرداری کی وزیراعظم ہاؤس آمد سیاسی و معاشی صورتحال میں اہم ہے

(تجزیہ:سلمان غنی )

مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم پر جاری پس پردہ رابطوں کو حتمی شکل دینے کا انحصار حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی تائید و حمایت پر ہے ۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ن لیگ کے ذمہ داران اس معاملے پر آپس میں بات چیت اور مشاورت کرتے دکھائی دے رہے ہیں، تاہم اسے باضابطہ پارٹی مشاورت قرار نہیں دیا جا رہا۔ اطلاعات ہیں کہ ابھی تک کسی سطح پر پارٹی قائد نواز شریف سے اس معاملے پر بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے آیا ہے ۔ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر غور و خوض کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے ، تاہم بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے میں زیادہ دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔ دوسری جانب وہ حلقے جو گورننس کے بحران اور خصوصاً کرپشن کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہیں، ان کا مؤقف ہے کہ انتظامی امور بہتر بنانے اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نئے صوبے ناگزیر ہو چکے ہیں ۔ تاہم دونوں بڑی جماعتیں یہ سمجھتی ہیں کہ نئے صوبوں کی تشکیل کا عمل ان کی سیاسی طاقت پر اثرانداز ہو سکتا ہے ۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں ایک واضح قرارداد منظور کرکے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق آئینی عمل روکنے کی کوشش کی اور اب تک اسی مؤقف پر قائم دکھائی دیتی ہے ۔ دوسری جانب حکمران مسلم لیگ (ن) اس معاملے پر تذبذب کا شکار ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت میں شامل بعض وزرا اور ذمہ داران کی رائے ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کی مخالفت کے بجائے کسی حقیقت پسندانہ حل کی طرف بڑھنا چاہیے اور فیصلہ ساز حلقوں سے غیر ضروری محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیے ۔ اس کے برعکس پارٹی قائد نواز شریف اور ان کے قریبی رفقا کا خیال ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل سے معاملات بہتر ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ن لیگ اس معاملے پر انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے ۔ پارٹی کے ایک ذمہ دار ذریعے کے مطابق ن لیگ اصولی طور پر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں، تاہم حکمران جماعت کی حیثیت سے ایسا طرزعمل بھی اختیار نہیں کرنا چاہتی جس سے اس کے اور فیصلہ ساز حلقوں کے درمیان اختلافات نمایاں ہوں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نواز شریف ہی کریں گے ۔دوسری جانب ذمہ دار حلقوں میں نئے صوبوں کے معاملے پر سرگرمی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے ۔

اسی تناظر میں پلان بی کے تحت ریفرنڈم کی تجویز پر بھی کام جاری ہے ۔ بڑی سیاسی جماعتوں کے تحفظات کے باوجود حکومت میں شامل بعض وزرا اور حکومت سے باہر اثرورسوخ رکھنے والے افراد نئے صوبوں کے قیام کے لیے سرگرم ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ نئے سال کے آغاز سے پہلے اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے ۔ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تعداد کے حوالے سے تمام ڈویژنوں کو صوبے بنانے کے علاوہ 12 اور 16 صوبوں کی تجاویز بھی زیر بحث ہیں۔ ایک اہم ذریعے کے مطابق اس وقت 16 انتظامی یونٹس کو قابل عمل بنانے پر کام ہو رہا ہے ، تاہم ڈویژنل بنیاد پر صوبوں کی تشکیل کی تجویز کو نسبتاً قابل عمل قرار دیا جا رہا ہے ۔ اس ماڈل کے حامیوں کے مطابق اس سے اخراجات میں زیادہ اضافہ نہیں ہوگا اور انتظامی نظام میں بھی بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ دوسری جانب بعض ماہرین 16 صوبوں کو کامیاب ماڈل قرار دیتے ہیں ۔گزشتہ رات لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی وزیراعظم ہاؤس آمد کو ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ اگرچہ اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں اٹھائیسویں ترمیم یا نئے صوبوں کے قیام کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم باخبر حلقے اسے مجوزہ ترمیم اور نئے صوبوں کے معاملے پر باہمی مشاورت کے حوالے سے اہم قرار دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں غور کیا جا رہا ہے کہ اہم قومی معاملات پر اقدامات باہمی اتفاق رائے سے کیے جائیں تاکہ ان کے نتائج مؤثر اور دیرپا ہو سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...