تربیلا ڈیم اور اسکے دیگر سٹرکچر کو کوئی خطرہ نہیں : معین وٹو
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا اور 9 نومبر کو اِن ٹیک پر پیش آنے والے واقعہ کے بعد کی صورتحال اور جاری کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ آبی وسائل سید محمد مہر علی شاہ اور چیئرمین ارسا شفقت حسین ودھو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ممبر (واٹر) واپڈا انجینئر عاصم رؤف خان، واپڈا کے سینئر آفیسرز اور کنٹریکٹر کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے اِن ٹیک سٹرکچر اور منصوبے کے دیگر اہم حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سائٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ حکام سے جاری اقدامات کی رفتار اور معیار کے بارے میں بریفنگ لی۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ فوری نوعیت کے اقدامات کے تعین کے بعد سائٹ پر بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ جاری کاموں کا مقصد متاثرہ حصہ کو مضبوط بنانا، صورتحال سے منظم انداز میں نمٹنا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی حفاظتی اقدامات کرنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ حکام کو منصوبے پر مسلسل نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments