نئے صوبوں کیلئے عوام کا اعتماد ضروری ہے : گورنر پنجاب
بلدیاتی انتخابات بہت ضروری ہیں ،پیپلز پارٹی پوری طرح تیار ہے :گفتگو
لاہور (این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے لئے عوام کا اعتماد ضروری ہے ،بلدیاتی انتخابات بہت ضروری ہیں اور اس کیلئے پیپلز پارٹی پوری طرح تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ؤ ں فریال تالپور، راجہ پرویزاشرف،نیئربخاری اور حسن مرتضیٰ سمیت دیگر عہدیداروں اور جیالوں سے ملاقات کے دوران اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ بی بی فریال تالپورکی لاہور آمد سے کارکن زیادہ جوش و جذبے سے گلی گلی محلے محلے جاکر پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے ،پارٹی قیادت کا لاہور آنا کارکنوں کیلئے نئی روح پھونکنے کے مترادف ہے ،پیپلزپارٹی لاہور میں پہلے سے زیادہ عوام میں مقبول اور مضبوط ہورہی ہے۔
گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ عوام کو بر وقت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی انتخابات کا ہونا بہت ضروری ہے ،نئے صوبے تب بن سکتے ہیں جب عوام خود چاہیں کہ نیا صوبہ بننا چاہئے ،پنجاب اسمبلی سے ایک صوبہ کیلئے دو مرتبہ قراراداد منظورہوچکی ،پہلے اس پرتجربہ کرلیاجائے اور صوبہ بنالیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ آپ صوبے بنادیں تو پھر آپ صوبے ختم کرنا بھی چاہیں تو نہیں ہوسکتا،نئے صوبے بنانے کیلئے باہمی مشاورت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی پوچھنے کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments