سپریم کورٹ : دو سال میں زیر التوا 28377 مقدمات کے فیصلے : اصلاحاتی منصوبے کے 64 اقدامات مکمل
نومبر 2024سے ستمبر 2026کے دوران نئے مقدمات کے مقابلے میں 6998زائد مقدمات نمٹائے ای فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ ، ورچوئل سماعتوں کیلئے قانونی فریم ورک متعارف :کارکردگی رپورٹ جاری
اسلام آباد (حسیب ریاض ملک)سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کی کارکردگی پر مشتمل جامع رپورٹ جاری کر دی ہے ، جس کے مطابق عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار 304 سے کم ہو کر 31 ہزار 927 رہ گئی، جبکہ 86 نکاتی اصلاحاتی منصوبے کے 64 اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات کے لیے 86 نکاتی ایکشن پلان متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت 11 اقدامات پر پیش رفت جاری ہے اور مزید 11 اقدامات پر خصوصی توجہ درکار ہے ،نومبر 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران نئے دائر ہونے والے مقدمات کے مقابلے میں 6 ہزار 998 زائد مقدمات نمٹائے گئے ، آئینی ترمیم کے بعد 22 ہزار 213 مقدمات وفاقی آئینی عدالت منتقل ہوئے۔
سپریم کورٹ نے مالی سال 2024-25 میں 25 ہزار 989 مقدمات نمٹائے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 16 ہزار 620 تھی، اس طرح مقدمات نمٹانے کی شرح میں تقریباً 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سزائے موت کی اپیلوں کی سماعت میں زیر التوا مقدمات کا سلسلہ 2015 سے آگے بڑھ کر 2026 تک پہنچ گیا، ضمانت بعد از گرفتاری کے مقدمات میں 2009 سے جبکہ خاندانی مقدمات میں 2010 سے زیر التوا مقدمات کی سماعت تکمیل کے مراحل تک پہنچائی گئی۔سپریم کورٹ میں 45 ہزار 131 سے زائد مقدمات ای فائلنگ کے ذریعے دائر کیے گئے جبکہ 2 لاکھ 64 ہزار سے زائد عدالتی فیصلوں کو ڈیجیٹل شکل دے دی گئی۔ جدید نظام کے تحت 34 ہزار 883 سے زائد مصدقہ نقول بھی جاری کی گئیں۔سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت ای فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ورچوئل سماعتوں کے لیے قانونی فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ عدالت عظمیٰ میں عوامی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں سائلین کو عدالتی معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔شہریوں کو مفت قانونی مشورے اور معاونت فراہم کرنے کے لیے کال سینٹر کے قیام کا اقدام بھی متعارف کرایا گیا جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اوورسیز لٹیگنٹس فیسیلیٹیشن سیل قائم کیا گیا ہے ۔ملک بھر کی ضلعی عدالتوں نے 14 لاکھ 67 ہزار 675 ٹائم باؤنڈ مقدمات نمٹائے ۔ ماڈل کریمنل کورٹس نے 91 ہزار 71 جبکہ ماڈل سول کورٹس نے 42 ہزار 386 مقدمات کے فیصلے کیے ۔رپورٹ کے مطابق 17 ترجیحی اقسام کے مقدمات کے لیے دو سے 24 ماہ کے اندر فیصلے کرنے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں تاکہ مقدمات کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے ۔خواتین کو عدالتی سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں مختلف عدالتی حدود میں 398 مقامات پر خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان میں ویمن فیسیلیٹیشن سنٹرز، انتظار گاہیں، بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز اور علیحدہ واش رومز شامل ہیں۔عدالتی عملے کی بدعنوانی، رشوت ستانی اور بدانتظامی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے جبکہ ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے عدالتوں میں شمسی توانائی، ای لائبریریز اور صاف پانی کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments