صحت کو شدید خطرات ،زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کرونگا :عمران خان کا چیف جسٹسز کو خط :یہ این آر او کی درخواست ہے :وفاقی وزیر طارق فضل چودھری

صحت کو شدید خطرات ،زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کرونگا :عمران خان کا چیف جسٹسز کو خط :یہ این آر او کی درخواست ہے :وفاقی وزیر طارق فضل چودھری

دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم،قیدتنہائی سے بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ گیا ، ڈاکٹروں نے برین ہیمرج ، دل کے دورہ کا شدید خطرہ ظاہر کیا :خط وکیل سلمان صفدرکے ذریعے لکھاگیا عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہورہا،چیف جسٹس صاحبان دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کریں:خط کا متن، بشریٰ بی بی کے سیل سے 7چھوٹے سانپ نکلے :وکلا کی ہائیکورٹ میں درخواست عمران خان کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں ، 22 گھنٹے قید تنہائی کادعویٰ درست نہیں،جیل میں تمام سہولیں میسرہیں :وزیر پارلیمانی امور

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)بانی تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام خط میں کہا ہے کہ انکی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں جن پر  فوری توجہ کی ضرورت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کرونگا ۔ خط میں کہا ہے کہ مجھے انصاف دیں، اس سے پہلے کہ تاخیر ہو جائے ۔بانی پی ٹی آئی کا یہ خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے لکھا گیا ہے ،وکیل سلمان صفدر کا دعوی ٰہے کہ خط عمران خان کی ہدایت پر لکھا گیا ہے ۔خط میں بانی پی ٹی آئی کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے انکی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے جبکہ اڈیالہ جیل میں تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس میں انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا گیا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل میں انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی سے محروم رکھا گیا ہے ۔

رواں سال انہیں اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی اپنے وکلا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی۔خط میں کہا گیا کہ ان کے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، حالانکہ عدالتی احکامات کے تحت ہفتے میں دو مرتبہ فون پر گفتگو کی اجازت دی گئی تھی۔ ان کی اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے مزید دعویٰ کیا کہ جیل کے میڈیکل بورڈ نے ان کی ذہنی صحت کے لیے اہل خانہ سے زیادہ رابطے ، مطالعے اور ٹیلی ویژن دیکھنے کی سفارش کی تھی، تاہم جیل انتظامیہ نے ان سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا۔بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے خط میں کہا گیا کہ اپریل 2026 میں ان کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا تھا جس کے بعد پیچیدہ سرجری کی گئی، تاہم ان کی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور انہیں فوری طور پر دوسری سرجری کی ضرورت ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی کے میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کیے جا رہے اور ان کے معالجین تک رسائی بھی روکی جا رہی ہے ۔خط میں مزید کہا گیا کہ فروری 2026 میں ان کے وکیل نے ملاقات کے دوران دائیں آنکھ کی بینائی میں 85 فیصد کمی کی نشاندہی کی تھی جبکہ ان کا دل بھی پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا اور قانون کا راستہ اختیار کیا، کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی۔ ان کی اپیلیں زیر التوا ہیں جبکہ طبی صورتحال اور بنیادی حقوق سے متعلق معاملات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے القادر اپیل کو پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیے جانے پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت، اہلیہ کی بینائی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو ترجیح نہیں دی جا رہی۔خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل مینول، جیل قواعد اور آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ہسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لیے وقف کی، لیکن آج وہ اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے صرف طبی علاج اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ انہیں کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہیے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا، چیف جسٹس صاحبان دیر ہونے سے پہلے انہیں انصاف فراہم کریں۔دوسری جانب ہائی کورٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا خط تاحال چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول نہیں ہوا ہے ۔ادھر وکلا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کا انکشاف کیا ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے کہا کہ جیل میں بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلے ، جنہیں جیل کے عملے نے مارا۔درخواست میں کہا گیا کہ صفائی کی صورتحال خراب ہے ، چوہے ، کاکروچ اور کیڑے پھرتے رہتے ہیں۔وکلا نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت خراب ہے ، انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے ، 10 نومبر کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی خرابی کا بتایا۔وکلا نے موقف اختیار کیا کہ خود بشریٰ بی بی نے بتایا ڈاکٹر کہتے ہیں ان کی آنکھ کی سرجری ہوگی۔عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائے اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کروایا جائے ۔ادھر اڈیالہ جیل حکام نے بشریٰ کے سیل سے سانپ نکلنے کی خبروں کی تردید کی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے کہ جیل میں خواتین بیرک سے سانپوں کی موجودگی میں کوئی حقیقت نہیں ہے ،خواتین قیدیوں کی جیل سہولیات، صحت اور صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ 

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط  لکھا وہ حقائق کے منافی ہے ، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے ، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے ، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد سے قید میں ہیں، 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے مگر کسی اور کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے جس نے انہیں 190 ملین پاؤنڈ کے عوض ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔طارق فضل چودھری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے ، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں، انہیں جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے ۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں، ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، طبی ماہرین کی ضرورت پر عمران خان کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے ،ان کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا۔طارق فضل چودھری نے کہا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا، ان کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے ، ان کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت نے اس دیکھ بھال میں نہ پہلے غفلت برتی اور نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...