مریم نواز کا خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات کا حکم
موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے ،مقدمات کی فوری سماعت کیلئے سپیڈی کو رٹ قائم کرنے کا فیصلہ خواتین اور بچے حساس طبقہ ، رواداری اور برداشت پرامن معاشرے کی بنیاد:وزیراعلیٰ پنجاب،خطاب،عالمی دن پرپیغام
لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات پرغور ،اہم فیصلے کئے گئے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم دیدیاجبکہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کیلئے سپیڈی کو رٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا، ایسے مقدمات کا مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ضروری قرار دیا گیا۔ مریم نواز نے خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا اورموثر انویسٹی گیشن کیلئے پولیس افسروں کی کیپسٹی بلڈنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن میں بہتری کیلئے اے آئی کی معاونت پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر بچوں اور خواتین کے کیسز میں آڈیو وڈیو شہادتوں کی موثر ریکارڈنگ کافیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کے پیشگی سدباب کیلئے بھی اقدامات کا حکم دیا۔ مریم نواز کو اجلاس میں آئی جی پولیس نے خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم اورحکومتی اقدامات پر تفصیلی رپورٹ میں بتایا کہ صوبہ بھرمیں و یمن ہیلپ ڈیسک،ورچوئل و یمن پولیس سٹیشن،ورچوئل چائلڈ سیفٹی اور موبائل پولیس سٹیشن کام کررہے ہیں،پولیس سٹیشن پر خواتین سے متعلق 12 لاکھ 40 ہزار شکایات درج کی گئیں،92فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی،ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی پر درج شکایات پرایک لاکھ سے زائد گمشدہ/اغوا کردہ بچے برآمد کر کے فیملی کے سپرد کردئیے گئے ۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے 71فیصد واقعات میں قریبی لوگ ملوث پائے گئے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر اظہارتشکرکیا اور آئی جی،آر پی او،ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔ مریم نواز نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا کیلئے موثر قانون سازی کی جائے گی،خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں،حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے ، سماجی اور معاشرتی شعور و آگاہی ضروری ہے ،خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے مقدمات پر سزا یقینی بنانے کیلئے سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے ۔دریں اثنا برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ رواداری، احترام اور برداشت کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے ، پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانا ہوگا، لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے رواداری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے ۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ تعلیمی ادارے بھی نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔ بڑھتی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں رواداری اور برداشت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ،معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے سدباب کیلئے مثبت سوچ اور بہترین طرز عمل اپنانا ہوگا، ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روش اختیار کرنا ہوگی۔ معاشرے کے ہر طبقے کو برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں ا پنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے ۔ آج ہم برداشت و رواداری کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کاا عادہ کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments