پنجاب اسمبلی:پولیس آرڈر اور آرمز ترمیمی بل پیش، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

 پنجاب اسمبلی:پولیس آرڈر اور آرمز ترمیمی بل پیش، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

ایوان میں محکمہ ماہی پروری کی کارکردگی، گنے کی ایکسپورٹ پرائس، گندم قیمتوں اور تدارک سموگ اقدامات پر بھی بحث حکومت ہچکولے لے رہی ، اساتذہ ہوں یا کسان، ہر طبقہ ناراض ہے :اپوزیشن رکن رانا آفتاب، آج دوبارہ اجلاس ہوگا

لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 13 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان کی زیر صدارت  شروع ہوا۔ ایوان میں محکمہ ماہی پروری کی کارکردگی، گنے کی ایکسپورٹ پرائس، گندم کی قیمتوں اور سموگ کے تدارک کے اقدامات پر بحث ہوئی جبکہ پولیس آرڈر ترمیمی بل 2026 اور پنجاب آرمز ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کر دیے گئے ، کورم کی نشاندہی کے باعث اجلاس آج منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس کے آغاز پر ڈاکٹر فیصل کے سسر اور رکن اسمبلی صائمہ کنول کے بڑے بھائی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کروائی گئی، نو منتخب رکن اسمبلی اسد حنیف نے رکنیت کا حلف اٹھایا ۔محکمہ ایکوا کلچر و ماہی پروری سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری میاں عمران جاوید نے سوالات کے جوابات دیئے ۔ اپوزیشن رکن حسن ملک نے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع خوشاب میں 1985 سے محکمہ فشریز کے پاس ایک ہی پرانی گاڑی موجود ہے ، اپنی سرکاری عمارت نہ ہونے کے باعث کروڑوں روپے کرائے کی مد میں ادا کیے جا چکے ہیں ، محکمہ ماہی پروری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔پارلیمانی سیکرٹری میاں عمران جاوید نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے بھر میں یکساں سلوک کر رہی ہیں،پانی کی ٹیسٹنگ درست ہونے کی صورت میں خوشاب میں محکمہ ماہی پروری اور فش فارمنگ کے منصوبے شروع کیے جائیں گے ۔

پارلیمانی سیکرٹری خالد محمود رانجھا نے دی پولیس آرڈر ترمیمی بل 2026 اور دی پنجاب آرمز ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کیے ۔اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے پوائنٹ آف آرڈر پر گنے کی ایکسپورٹ پرائس کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گنے کی ایکسپورٹ پرائس نہیں بتائی گئی ، حکومت آئی ایم ایف کی پابندی کا جواز پیش کر رہی ہے ،گزشتہ سال بھی چینی درآمد کی گئی تھی ، گندم گزشتہ سال 2800 روپے من خریدی گئی اب اس کی قیمت 6 ہزار روپے من ہے ، اس تمام صورتحال سے مافیا نے فائدہ اٹھایا۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت ہچکولے لے رہی ہے ، اساتذہ ہوں یا کسان، ہر طبقہ حکومت سے ناراض ہے ، ملک بچانے کی ضرورت ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات کنول لیاقت نے کہا کہ سموگ کی کوئی ایک وجہ نہیں بلکہ سرحد پار آلودگی، بھٹوں اور ٹریفک سے پیدا دھواں بھی اس میں اضافے کا سبب ہے ، لاہور میں 13 اینٹی سموگ گنز چھڑکاؤ کر رہی ہیں، فیصل آباد میں دو اور گوجرانوالہ میں ایک گن کام کر رہی ہے ، صوبے کی 9 ہزار صنعتوں میں ای سی ایس سسٹم نصب کیا جا چکا ،دھواں چھوڑنے پر249 صنعتوں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 1479 صنعتوں کو سیل کیا گیا ، فصلوں کو آگ لگانے والے 222 کسانوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور فضائی آلودگی میں اضافے کے ذمہ داروں کو 31 لاکھ روپے جرمانے کیے گئے ۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن علی امتیاز وڑائچ نے کورم کی نشاندہی کر دی ، کورم کی نشاندہی پر پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز چانگ نے شدید ردعمل دیتے کہا کہ وہ 600 کلومیٹر کا سفر کرکے ایوان میں آئے اور انہیں اپنے حلقے کے مسائل بیان کرنے کا موقع نہیں ملا ، اب انہیں مزید آٹھ دن انتظار کرنا پڑے گا۔کورم پورا نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...