دھی رانی پروگرام،220 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے
ساہیوال میں 89 ، اوکاڑہ میں 131 جوڑے کی شادی ،2،دو لاکھ سلامی دی گئی رواں سال 5 ہزار بیٹیوں کو عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا جائیگا:سہیل شوکت
ساہیوال،اوکاڑہ (خبرنگار) محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام دھی رانی پروگرام کی ساہیوال اور اوکاڑہ میں 220جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے ،ساہیوال میں قائداعظم سٹیڈیم ساہیوال میں 89 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ، مسیحی برادری کے پانچ جوڑے بھی شامل تھے ،ہر جوڑے کو سلامی کی مد میں 2 لاکھ روپے فراہم کیے گئے جبکہ دلہا اور دلہن کیلئے مکمل عروسی لباس اور جیولری کا بھی انتظام کیا گیا۔ ساہیوال میں ہونیوال تقریب میں وفاقی وزیر تخفیف غربت پیر سید عمران احمد شاہ، کمشنر ساہیوال ڈویژن کیپٹن (ر) سمیع اﷲ فاروق، اراکین اسمبلی عثمان علی، محمد ارشد ملک، ملک قاسم ندیم سمیت نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اوکاڑہ میں 131 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، ایم پی اے میاں محمد منیر، لیگی رہنما فیاض ظفر سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان و دیگر سماجی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں،دونوں تقاریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک قابل تحسین فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد مستحق خاندانوں کی مالی مشکلات کم کرنا اور ان کی بیٹیوں کو عزت و وقار کے ساتھ رخصت کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے ،رواں سال دھی رانی پروگرام کے تحت پنجاب کی 5 ہزار بیٹیوں کو عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments