گزشتہ مالی سال :تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری
کراچی (کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 2026 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی۔۔
، جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کے تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی اور معیشت نے ملکی و عالمی سطح پر درپیش اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق محتاط مانیٹری پالیسی اور معاشی اصلاحات کے نتیجے میں مشکل سے حاصل ہونے والے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملی، جبکہ بڑے پیمانے کی اشیا سازی (لارج اسکیل مینوفیکچرنگ)میں بحالی کے باعث حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2027 کے دوران حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث درآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم عالمی سطح پر ناموافق رجحانات کے سبب برآمدات کی نمو محدود رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترسیلات زر میں مضبوط اضافے کے باعث مالی سال 2026 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صرف 0.1 فیصد تک محدود رہا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی نمایاں خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بھی قابل قدر اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود مالی سال 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح سٹیٹ بینک کے 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی۔ زرعی شعبے کے حوالے سے رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایل نینو کی بگڑتی ہوئی صورتحال زرعی پیداوار کے لیے خطرہ بن سکتی ہے ، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں گنے ، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ مالی سال 2027 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے ، جبکہ مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حدود میں واپس آجائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments