والد کاچیف جسٹس صاحبان کے نام خط تکلیف دہ :سلیمان
عمران خان ، بشریٰ کیساتھ ناروا سلوک آئین، جیل مینوئل کی خلاف ورزی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے سلیمان خان کا کہنا ہے کہ میرے والد کی جانب سے چیف جسٹس صاحبان کے نام لکھا گیا یہ کھلا خط انتہائی تکلیف دہ ہے ، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک پاکستانی آئین، جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے ، عدالتی احکامات کے مطابق انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے ، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے ۔ ایکس پر عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان نے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں جس ناروا سلوک کا سامنا ہے ، وہ پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، جیل قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ سلیمان خان کے مطابق گزشتہ ایک سال سے تنہائی میں قید ہونے کے باعث ان کے والد کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے ۔ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے ۔سلیمان خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکومت سپریم کورٹ کے ان احکامات کو نظر انداز کر رہی ہے جن کے تحت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج، اہل خانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور اپنے بیٹوں سے باقاعدگی سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔سلیمان خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی جانب سے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کے لیے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی تسلیم شدہ معیارات کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments