سروس ٹربیونل کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا اختیار نہیں:سپریم کورٹ
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)کسی عدالت یا ٹربیونل کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا اختیار اسی صورت حاصل ہو سکتا ہے۔۔۔
جب متعلقہ قانون میں واضح طور پر اس کی اجازت دی گئی ہو، محض سول عدالت کے اختیارات حاصل ہونے سے نظرثانی کا قانونی اختیار پیدا نہیں ہوتا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ پنجاب سروس ٹربیونل کو اپنے حتمی فیصلوں پر نظرثانی کا اختیار حاصل نہیں۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور دیگر کی درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ پنجاب سروس ٹربیونلز ایکٹ 1974ء میں نظرثانی کا کوئی اختیار نہیں دیا گیا، ٹربیونل صرف حادثاتی لغزش یا کوتاہی کے باعث ہونے والی تحریری اور حسابی غلطیوں کی تصحیح کر سکتا ہے ۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اپیل اور نظرثانی دو الگ قانونی حقوق ہیں، نظرثانی کا اختیار قانون کی واضح منظوری کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ وفاقی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سروس ٹربیونلز کے متعلقہ قوانین میں نظرثانی کی الگ دفعات موجود ہیں، تاہم پنجاب اور سندھ کے سروس ٹربیونلز کے قوانین میں یہ اختیار فراہم نہیں کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments