قائمہ کمیٹی اوورسیز کے فیصلے ، سفارشات وزارت خزانہ کو ارسال
ورکرز فنڈ کی رقوم منافع بخش اکاؤنٹس میں رکھنے کا جائزہ، کم از کم اجرت یقینی بنانے کی سفارش ای او بی آئی رجسٹریشن کسی کان کی الاٹمنٹ کیلئے لازمی شرط بنائی جائے ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ
اسلام آباد (ایس ایم زمان) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے قائمہ کمیٹی اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے فیصلوں اور سفارشات عمل درآمد کیلئے وزارت خزانہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو بھجوائی ہیں، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوٹ کو ہدایت کی گئی کہ ای او بی آئی ترمیمی بل 2026ء کے مسودے کی تجاویز شامل کریں۔ وزارتِ خزانہ سے کہا گیا کہ سفارشات پر ورکرز ویلفیئر فنڈ کی رقوم کو منافع بخش اکاؤنٹس میں رکھنے کا جائزہ لے تاکہ حاصل منافع کارکنوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا سکے اور رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے ۔ وزارت خزانہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز تمام محکموں سے تصدیق حاصل کر کے یہ احکامات دیں کہ تمام ملازمین کو کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے ، تنخواہوں کی ادائیگی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جائے ۔ وزارتِ خزانہ کو حادثے میں جاں بحق سرکاری ملازم کو معاوضے اور پنشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ سیکرٹری لیبر بلوچستان کو ہدایت کی گئی کہ سردار عثمان جوگزئی اینڈ کو کی کان میں حالیہ حادثے کے ذمہ داران کے خلاف فیصلوں اور کارروائی کی رپورٹ کمیٹی کے سامنے رکھیں۔ طے پایا کہ ای او بی آئی رجسٹریشن کسی بھی کان کی الاٹمنٹ کیلئے لازمی شرط بنائی جائے ، تمام لیز ہولڈرز اور صوبائی محکمہ محنت و کان کنی سہ ماہی جائزہ رپورٹ جمع کرائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments