نفٹاک کی نیکٹا سے علیحدگی ، کنٹرول وزارت داخلہ کے حوالے
یہ وزارت میں معمول کا عمل ، مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے :طلال چودھری
اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز )وفاقی حکومت نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)سے اسکے ذیلی ادارے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر ( نفٹاک ) کو الگ کر دیا ہے ۔ محسن نقوی کے تحت کام کرنے والی وزارت داخلہ اب براہ راست اس سینٹر کے کام پر نظر رکھے گی۔یہ سینٹر مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے اور خطرات کے تجزیے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔وفاقی حکومت نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں میجر جنرل فیصل نصیر کو تین برس کے لیے نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا تھا اور یوں وہ وزارتِ داخلہ کے تحت 2008 میں قائم کیے جانے والے اس ادارے کے پہلے فوجی سربراہ بنے ۔ اس ادارے کے اُس وقت کے سربراہ جواد ڈوگر کو نائب بنا دیا گیا تھا۔وزارتِ داخلہ کے حکام نے بتایا کہ نفٹاک کی علیحدگی کے بعد اب عملاً نیکٹا کا ادارہ محض ایک ریسرچ ونگ یا تھنک ٹینک سے زیادہ کچھ نہیں رہ گیا۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بی بی سی کو بتایا کہ اس تنظیمِ نو کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے ۔ یہ وزارت کے اندر ہونے والی تنظیمی تبدیلیوں کا حصہ ہے ، جو ایک معمول کا عمل ہے اور اس کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments