تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمن انتقال کر گئے

تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمن انتقال کر گئے

شہباز شریف، فضل الرحمن، پرویز الٰہی ودیگر کااظہاررنج و غم مولانا حسن محمود کے شاگردوں میں شامل تھے ،نمازِ جنازہ ادا

لاہور، اسلام آباد(سیاسی نمائندہ، اپنے سٹاف رپورٹر سے،ایجنسیاں، نامہ نگار) امیر تبلیغی جماعت،  استاذ الحدیث، استاذ العلما اور امام التصوف حضرت مولانا نذر الرحمن 97برس کی عمر میں انتقال  کر گئے ہیں۔ نذرالرحمن  کچھ عرصہ سے علیل تھے اور بیماری کے باعث اس مرتبہ سالانہ تبلیغی اجتماع میں بیان بھی نہیں کر سکے تھے ۔ ان کی نمازِ جنازہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں ادا کردی گئی۔ ان کے انتقال کی خبر سے دینی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی، ممتاز علما کرام مولانا طارق جمیل، مفتی تقی عثمانی،مولانا محمد الیاس گھمن، پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سمیت ملک بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا نذرالرحمن 1929 میں راولپنڈی کے دورافتادہ گائوں بلوال میں پیدا ہوئے ، شیخ الہند مولانا حسن محمود دیوبندی کے شاگردوں میں شامل تھے اور قیامِ پاکستان کے بعد تبلیغی جماعت کی بنیاد رکھنے والے ابتدائی بیس افراد میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے ۔1981

میں ان کا تقرر رائے ونڈ تبلیغی مرکز میں ہوا، اور 2018 میں مولانا عبدالوہاب کے انتقال کے بعد انہیں تبلیغی جماعت کا امیر بنایا گیا تھا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ مولانا نذرالرحمن نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، تبلیغ و اشاعت اور انسانیت کی اصلاح و فلاح کیلئے وقف کیے رکھی، ان کی رحلت سے نہ صرف تبلیغی جماعت بلکہ پورے عالمِ اسلام میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم نے دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی دینی خدمات اور جہدِ مسلسل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پرویزالٰہی نے کہا مولانا کے انتقال سے دینی حلقوں میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر نہیں کیا جاسکتا، 2018ء سے تبلیغی جماعت کے امیر منتخب ہونے کے بعد سے لے کر آخری سانس تک انہوں نے دین کی بہت خدمت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مولانا نذر الرحمن کی وفات دینی، دعوتی اور اصلاحی حلقوں کیلئے بڑا نقصان ہے ، ان کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمن کی نمازِ جنازہ ان کے صاحبزادے مولانا عبدالرحمٰن نے پڑھائی۔ نمازِ جنازہ میں پاکستان سمیت اندرون و بیرونِ ملک سے علماء کرام، دینی شخصیات اور لاکھوں عقیدت مندشریک ہوئے ۔نمازِ جنازہ کے موقع پر پنڈال میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی، ہر آنکھ اشکبارتھی۔ مولانا نذر الرحمٰن کی تدفین تبلیغی مرکز کے نواحی قبرستان میں کردی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...