ملک میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنائے جائیں:خالدمقبول
یہ اب محض سیاسی مطالبہ نہیں ناگزیر آئینی ضرورت،حمایت میں سب سے مضبوط اور توانا آواز شہری سندھ صوبے کی ہے بات کو بلاوجہ غداری اور ملک دشمنی سے جوڑ دیا جاتا ،خصوصی نشست سے خطاب،ارکان اسمبلی اور تاجررہنماؤں کی شرکت
کراچی (سٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام اب محض سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ ناگزیر آئینی ضرورت ہے ، نئے صوبوں کی حمایت میں سب سے توانا آواز شہری سندھ صوبے کی ہے ، تاہم اس مطالبے کو بلاوجہ غداری اور ملک دشمنی سے جوڑ دیا جاتا ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام سوسائٹی ریزیڈنٹس اور بزنس فورم کے اشتراک سے منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی قومی خزانے میں 66 فیصد اور صوبائی خزانے میں 97 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے ، لیکن اس کے مسائل اور شہریوں کے بنیادی حقوق نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ آبادی کے تناسب سے نئے صوبے بنائے جائیں اور شہری سندھ کو اس کا جائز انتظامی و معاشی حق دیا جائے ۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جاگیردارانہ نظام، چند سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری، کوٹہ سسٹم اور امتیازی قوانین نے شہری آبادی کے حقوق متاثر کیے ہیں۔ 2023ء کی مردم شماری میں کراچی کی اصل آبادی درست شمار نہیں کی گئی، جس کے باعث شہر کو اس کی آبادی اور قومی معیشت میں کردار کے مطابق وسائل نہیں مل رہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہری حقوق اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ عوام نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت میں متحد ہوں اور شارع فیصل پر مجوزہ حقیقی ریفرنڈم کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کریں۔نشست میں سابق میئر کراچی وسیم اختر، سید امین الحق، قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی، سینیٹرز عامر چشتی اور خالدہ طیب، پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی افتخار عالم، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کراچی چیمبر آف کامرس اور آباد کے عہدیداران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات بھی موجود تھیں۔ نظامت رکن قومی اسمبلی صبحین غوری نے کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments