سالک نے مریم نواز ، عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت نوٹس بھیج دیا

 سالک نے مریم نواز ، عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت نوٹس بھیج دیا

غیر مشروط معافی مانگی جائے ورنہ قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں:وفاقی وزیر جواب کے بجائے نوٹس بھیجنا دنیا کا انوکھا اور مزاحیہ معاملہ ہے :وزیر اطلاعات

لاہور، اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا۔چودھری سالک حسین کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا نوٹس 11 نومبر کو بھیجا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس میں 3 نومبر کو اٹک میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ گجرات کے ایک وزیر ہیں چودھری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین جنہوں نے جھوٹے الزامات لگائے ، جھوٹے الزامات نہیں سنوں گی، ثبوت ہیں تو لاؤ ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی۔ نوٹس میں سالک حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر مشروط معافی مانگیں ورنہ اطمینان بخش جواب نہ دینے پر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ اسی طرح پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو جاری کیے گئے نوٹس میں ان کی 2 نومبر کی ٹویٹ کو بنیاد بنایا گیا اور عظمیٰ بخاری کو 7 دن میں جواب دینے اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں چودھری سالک حسین نے نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا انہوں نے اپنے قانونی مشیر کے ذریعے ہتک عزت کے 2 قانونی نوٹس بھی ارسال کیے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دوسرا عظمیٰ زاہد بخاری کو بھجوایا گیا ہے ۔وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں دونوں قانونی نوٹس بھجوانے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ان نوٹسز کے مندر جات ، ہرجانے کی رقم یا اپنے الزامات کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔ادھر وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الزام لگانے والوں نے جواب دینے کے بجائے نوٹس بھیج دیا، یہ دنیا کا انوکھا اور مزاحیہ معاملہ ہے ۔پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چودھری سالک حسین نے معاملہ شروع کیا تھا، انہیں تو الماریاں کھولنی تھیں، لیکن الزام لگانے والوں نے جواب دینے کے بجائے نوٹس بھیج دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...