پانچ نومبر کا حکم گورنر راج و تھری ایم پی او تک:وفاقی آئینی عدالت:پشاور ہائیکورٹ کو دیگر آئینی درخواستوں پر سماعت کی اجازت
تھری ایم پی او درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر، یہاں موصول ہونے پر جائزہ لینگے :چیف جسٹس امین الدین، عبوری حکم میں ترمیم بار کونسلز کو کارروائی میں شامل ہونا چاہیے :جسٹس عامر، پشاور بار کونسل کو بھی اجازت، فوج کی مسلسل تعیناتی ناگزیر:پختونخوا حکومت
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) وفاقی آئینی عدالت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمے میں پانچ نومبر کے عبوری حکم میں ترمیم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت گورنر راج اور تھری ایم پی او سے متعلق مقدمات کے علاوہ دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت دے دی، عدالت نے واضح کیا کہ پانچ نومبر کا حکم صرف گورنر راج اور تھری ایم پی او سے متعلق معاملات تک محدود تھا۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی عدالتی کارروائی متاثر ہوئی ہے ۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کی جائے تو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات کی سماعت ممکن نہیں رہتی تاہم اس تشریح سے پورا عدالتی نظام مفلوج ہو جائے گا۔
عدالت نے واضح کیا کہ پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے ۔ بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ عدالت تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو بھی ریلیف فراہم کرے ۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر کو بتایا کہ تھری ایم پی او سے متعلق متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی گئی ہیں، درخواستیں یہاں موصول ہونے پر جائزہ لیا جائے گا۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ اہم مقدمہ ہے اور ہنگامی حالت کا کیس بھی اہمیت رکھتا ہے ، بار کونسلز کو بھی کارروائی میں شامل ہونا چاہیے ، عدالت نے پشاور بار کونسل کو مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔ مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ علاوہ ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی آئینی عدالت کے پانچ نومبر 2026 کے حکم کی روشنی میں ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے مسلح افواج کی مسلسل تعیناتی ناگزیر ہے اور حکومت کا فی الحال کسی ضلع یا علاقے سے فوج واپس بلانے یا تعیناتی ختم کرنے کا ارادہ نہیں۔ سول انتظامیہ اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی جانوں، سرکاری املاک اور ریاست کی اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی معاونت اور عملی موجودگی درکار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments