سندھ کی زبردستی تقسیم پر کراچی میں خون بہے گا: 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، عمران خان سیاسی قیدی: بلاول بھٹو

 سندھ کی زبردستی تقسیم پر کراچی میں خون بہے گا: 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، عمران خان سیاسی قیدی: بلاول بھٹو

زور زبردستی پر عام لوگ ہتھیار اٹھائیں گے ،بھائی بھائی کو قتل کریگا،محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ،مجھے علم نہیں ، وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار توہونا چاہیے اپنے وزیر کنٹرول کرسکیں کچھ شرم کریں ،فضل الرحمن کے پی ڈی ایم میں کردار کی وجہ سے آپ کرسی پر ہیں ،تنقید انکا حق، پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،عمران کورہاکرنا پڑیگا ،انہیں مخصوص نشستیں دینا ہونگی سسٹم تباہ ہوانہیں کیا گیا،میں بھی قصور وار،بیماری کا وہ علاج نہیں جو بتایا جا رہا ، سیاسی ری سیٹ کی ضرورت، ہرغیر جمہوری کام ریفرنڈم سے ہوا،چاہتا ہوں وزیر اعظم کامیاب ہوں :پریس کانفرنس

 کراچی (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سسٹم تباہ ہوانہیں کیا گیا ہے ، مجھ سمیت سب ذمہ دار ہیں، سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے ،زبردستی سندھ کی تقسیم ہوئی توکراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا ، پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،حکومت کو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہوگا،مخصوص نشستیں اپوزیشن کو دینا ہونگی،سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں اور سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا،مولانا فضل الرحمٰن نے جو کردار پی ڈی ایم میں کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے ، کچھ تو شرم کریں، حیا کریں،یہ کیسا عجیب ملک ہے جہاں ہر وزیر اعظم جیل جاتا ہے اور جو جیل سے باہر آتا ہے وہ پھر وزیر اعظم بن جاتا ہے ، کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے ، سیاسی  قیدیوں کو رہا کرنے اور مخصوص نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی نظام کو مستحکم کرنے اور پارلیمنٹ کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے عمران خان، پاکستان تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان کا نام لینا سیکھو،مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ساتھ عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہمیں پسند ہو یا نہ ہو، تمام سیاسی جماعتیں ملک کی سٹیک ہولڈر ہیں اور ان کے بغیر ملک کا نظام نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی مخصوص نشستیں اپنی جیب میں ڈال کر حکومتی بینچوں پر بیٹھنا جمہوریت نہیں ہے ، اس لیے یہ مخصوص نشستیں ہر صورت اپوزیشن کو واپس کرنا ہوں گی اور سیاسی قیدیوں کو بھی آزاد کرنا پڑے گا کیونکہ آج نہیں تو کل یہ سب کچھ ہونا ہی ہے ،ملک کی آئینی و پارلیمانی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی، حکومت مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کا سنجیدگی سے جواب دے ، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ہی یہ کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے ، اگر واقعی یہ چاہا جاتا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہو اور پارلیمنٹ درست طریقے سے کام کرے تو سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ختم کرنا ہوگا،انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں نظام کے کولیپس ہونے کی اصل اور بنیادی وجوہات پر بات کرنے کے بجائے صرف سطحی علاج پر توجہ دی جا رہی ہے اور جب تک ان بنیادی وجوہات کا حل تلاش نہیں کیا جائے گا۔

نظام کو مستحکم کرنا ممکن نہیں ہوگا،میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کوئی وزیراعظم بنے تو بعد میں جیل نہ جانا پڑے ،چیئرمین پیپلز پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل ہمارے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے اور پھر شکوہ کیا جاتا ہے کہ سسٹم کولیپس ہو چکا ہے ، اس موقع پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے ایک بار اپنی تقریر میں درست سوال اٹھایا تھا کہ ’’کیا ہم سب چیونٹیاں ہیں‘‘،انہوں نے کہا کہ جس مشکل میں پاکستان کے عوام آج ہیں ایسا کبھی نہیں دیکھا،سسٹم تباہ نہیں ہوا، سسٹم کو تباہ کرایا گیا ہے ، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے ، یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا ،سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے ، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے کا ذمہ دار ہوں،انہوں نے کہا ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے ، اگر سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمنٹ سے کیا جائے ، اپوزیشن کو پارلیمنٹ پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے ، اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے ، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں، اگر وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے ،مولانا فضل الرحمن کی ذمہ داری ہے کہ ہم پر تنقید کریں۔

حکومت کو مولانا فضل الرحمن کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ، تنقید کرنا مولانا فضل الرحمن کا حق ہے ، اب وہ تنقید کیلئے جیسا بھی طریقہ اختیار کریں یہ انکا حق ہے مگر آپ تقریر کے جواب میں ان کے خلاف نیب کی کارروائیاں شروع کروا دیں ، انکے بیٹوں کو گرفتار کرنے لگ جائیں ، اچانک انکے گھر کی تجاوازات یاد آجائیں یہی وجوہات ہیں جس سے سسٹم کولیپس ہوتا ہے ،حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے ، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دئیے ، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا، ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے ، اسے بحال کیا جانا چاہیے ،میڈیا کے ساتھ پارلیمنٹ سب سے اہم ادارہ ہے ، پارلیمنٹ پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے ،وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے ، ہم پارلیمنٹ میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمنٹ پر اعتماد ہی نہیں،اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے ، میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے ، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا، پاکستان کے سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے ، پاکستان میں کرپشن بنیادی ایشو ہے ،کرپشن ختم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیں،انہوں نے کہا کہ جب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہوگا تب تک الیکشن پر اعتماد نہیں ہوسکتا، پاکستان میں کرپشن ایک بنیادی مسئلہ ہے مگر اس کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں، پاکستان میں کرپشن کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ ریاست کے ساتھ بیٹھ جائیں، آپ جو بھی کرو مگر ریاست کے ساتھ بیٹھو، آپ کو کوئی کچھ نہیں کہے گا، آج میں تنقید کر رہا ہوں، کل کو یہ نہ ہو مجھے بد عنوان ، ملک دشمن کہا جائے ، آج ملک جس مشکل میں ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے ، بین الاقوامی حالات سب کے سامنے ہیں، خطے میں جو ہو رہا ہے ،سب کے سامنے ہے ، غریب کو سوچنا پڑتا ہے کہ بچوں کی تعلیم کو دیکھو ں یا روٹی، دنیا میں جو جنگیں چل رہی ہیں۔

یہ حالات اس سے جڑے ہیں، یہ حکمران سب موضوعات کو چھیڑ رہے ہیں مگر عوام کا نہیں سوچتے ، عوام مہنگائی کے باعث بجلی کا بل دیکھتے ہوئے خوفزدہ ہوتے ہیں، عوام کے لیے بزرگوں کا علاج کرانا یا گھر کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے ، حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ عوام کا بوجھ کم کریں،بلاول نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب تاریخی ادارہ ہے ، کراچی پریس کلب نے جمہوری روایات کے لیے اہم کرادار ادا کیا، قلم کی طاقت سب سے بڑی ہے ،ان کا کہنا ہے کہ صحافی عوام کے مسائل پر حکومتوں کو توجہ دلاتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے ، جو طاقت صحافیوں کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں، یہ طاقت گولی اور ہتھیار سے زیادہ ہے ،میڈیا معاشرے کا چیک اینڈ بیلنس ہے ، صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آواز اور قلم میں حکومتیں بنانے اور گرانے کی طاقت ہے ، شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے ، آپ ڈرتے ہو کہ اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے ، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو اس کا حق ہے ، سسٹم کا جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ اس بیماری کا علاج نہیں، ری سیٹ کرنے کیلئے غیرسیاسی نہیں سیاسی ہونا پڑے گا، عوام کی تائید سے جو صوبہ بنایا جاتاہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پرجو خون بہے گا، اس پرسوال پوچھے جائیں گے ، زور زبردستی سے معاشرے میں تقسیم ہوگی اور دشمنی تک جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائیں گے اور یہ خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہے گا، سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، میں خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں ،ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے ، پاکستان کی تاریخ میں ہرغیر جمہوری کام کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا، آئین میں طریقہ کارموجود ہے ، یہ تجویز دینا بھی ایسا ہے کہ آپ غیر آئینی طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں،چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ہیں، جہاں تک صوبے بنانے کی بات ہے تو مجھ سے بات نہیں کی گئی، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا عدالتی نظام ڈیم بنانے کے لیے نہ نکلے ، مرض ایک ہو اور علاج دوسرا بتایا جائے تو یہ کیسے ہوسکتا ہے ، زور زبردستی بحث کرائی جارہی ہے ، پارلیمان تو دور کی بات ، کابینہ نے بھی اس پر بحث نہیں ہوئی۔ہم نے شہبازشریف کو وزیر اعظم بنایا، میں چاہوں گا کہ وہ کامیاب ہوں، وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں، جب چور دروازوں سے اس طرح کے کام کیے جاتے ہیں توہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...