بیک وقت حکومت کے مزے اور اپوزیشن کا کردار دوہرا معیار ، ریفرنڈم میںکیا حرج ہے: وفاقی وزیراطلاعات کا بلاول کو جواب
صوبوں کے معاملہ پر خون بہا نے کی بات سمجھ سے باہر ، عوام چاہتے ہیں توصوبے بنا دیئے جائیں، ریفرنڈم آئین کا حصہ،عوام کی مرضی جانے بغیر آپ کیسے فیصلہ کرسکتے نیب میں اصلاحات خود کیں اور اسی کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں ، ہم حکومت کا حصہ ہیں، آئیں مل بیٹھ کر ایسا فیصلہ کریں جو عوام کی رائے پر مبنی ہو :عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے اور اپوزیشن کا کر دار دوہرا معیار ، نئے صوبوں پر ریفرنڈم میں کیا حرج ہے ،اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں،اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکو مت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے ،وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں،آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے ،سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں،اس کی کوئی گنجائش نہیں، نیب میں اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادار ے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔عطا تارڑ نے کہا کہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے ،اس کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہئے۔
پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں،صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ،ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے اور آئینی طریقہ کار ہے ، آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے ،عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا،عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے ، صوبوں سے متعلق بحث کو روکا نہیں جا سکتا، بہتر تو یہ ہے کہ یہ بحث جو چل رہی ہے عوام کوکرنے دی جائے ،کسی کو عوام کے پاس جانے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے عوام کی مرضی جانے بغیر آپ کیسے فیصلہ کرسکتے ہیں۔ عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں، ریفرنڈم آئین کا حصہ اور عوامی رائے جاننے کا آئینی طریقہ کار ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، آئیں مل بیٹھ کر عوام کی بہتری اور ملک کے مفاد میں ایسا فیصلہ کریں جو عوام کی رائے پر مبنی ہو، عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو اس میں کیا حرج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے کردار ادا کر رہی ہے ۔میڈیا اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے حکومت نے بہت کام کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments