فیلڈ مارشل سے عراقچی ، برطانوی چیف آف جنرل سٹاف، ترک فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقاتیں
ایران کیساتھ تعاون کے طریقوں پر غور،باہمی اعتماد کو فروغ دینا ہوگا:عاصم منیر جنرل چارلس کا تعاون مضبوط بنانیکا عزم ،جنرل رفعت نے شراکت داری کو سراہا
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر اور ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دالکران نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل عام منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ تعاون کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل روابط، باہمی اعتماد اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دریں اثنا برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔علاوہ ازیں ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دالکران نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور زیرِ بحث آئے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔ترک فضائیہ کے کمانڈر نے بھی دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments