مریم نواز کی آپریٹوسوسائٹی کے ذریعے اپنا گھرؤں پروگرام شروع کرنے کی منظوری
پکی گلیاں، ڈرینج سسٹم ، جوہڑبنیں گے ،اجلاس میں 29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر جزوی پابندی اٹھانے پر اتفاق وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر ملک محمد احمد کی ملاقات،طلبہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں:عالمی دن پر پیغام
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مخصوص کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے سی ایم پنجاب اپنا گاؤں پروگرامشروع کرنے کی منظوری دیدی ، اجلاس میں 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر جزوی پابندی اٹھانے کا اتفاق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنا گاؤں پروگرام کے آغاز کیلئے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقررکر دی اور دیہات میں سولر سٹریٹ لائٹس لگانے کابھی حکم دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دیہات کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے مکمل ہوں گے ، اپنا گاؤں پروگرام کے تحت پکی گلیاں، ڈرینج سسٹم،گندے پانی کے نکاس کیلئے جوہڑ بنائے جائیں گے ، پہلے فیز میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم ہوں گی، دوسرے فیز میں 1500 دیہات میں تشکیل دی جائیں گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کوآپریٹوسوسائٹی کی مانیٹرنگ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی،کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے ہی لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں، گاؤں کے لوگ کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی پراجیکٹ پر خود فیصلہ کر سکیں گے ،اب پنجاب کے سب گاؤں ترقی کریں گے اورہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے مکینوں کے ہاتھ میں ہوگی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی ہے ، اس دوران ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال اورعوامی فلاحی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے اسمبلی امور سے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی اوراپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تاریخ ساز کامیابی پرانہیں مبارکباد اورطلبہ کیلئے ہونہار سکالر شپ اورلیپ ٹاپ سکیم پر خراج تحسین پیش کیا۔سپیکرپنجاب اسمبلی نے قصورمیں جاری بیوٹیفکیشن پلان اوردیگر پر اجیکٹس کو بھی سراہا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی پراجیکٹس پنجاب کی تا ریخ کا سنہرا باب ہیں، بچوں اورخواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نئے ایکٹ کی تشکیل بھی خوش آئند امر ہے ۔ دوسری طرف طلبہ کے عالمی دن پرجاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کیساتھ ساتھ نظم و ضبط اور خدمت کا جذبہ اپنانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کے ہاتھوں میں قلم کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملک کی ترقی کے مضبوط ستون ہیں، ہونہار سکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس طلبہ کو دیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments