پاکستان ، ترکمانستان کا تجارت ، توانائی ، سیاحت میں تعاون پر اتفاق : 5 سالہ پروگرام پر دستخط

 پاکستان ، ترکمانستان کا تجارت ، توانائی ، سیاحت میں تعاون پر اتفاق : 5 سالہ پروگرام پر دستخط

پروگرام دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاس، ادارہ جاتی تعاون مضبوط ،سفارتی ،عوامی روابط کو وسعت دی جائیگی مشترکہ کمیشن کا حتمی پروٹوکول عملی روڈ میپ کا کام دیگا ، اسحاق ڈار ، ترکمانستا ن کے و زیر خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

 اسلام آباد (دنیا نیوز ،وقائع نگار ، اے پی پی)پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے ، باقاعدہ سفارتی روابط برقرار رکھنے اور سیاحت سمیت عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026 سے 2030 تک تعاون کے پروگرام پر دستخط کر د ئیے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید مریدوف نے پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر ان دستاویزات پر دستخط کئے ۔اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کی وزارت بین الصوبائی رابطہ اور ترکمانستان کی وزارت ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا ،طے پانے والی دستاویزات پاکستان اور ترکمانستان کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنایا جائے ، باقاعدہ سفارتی روابط کا تسلسل برقرار رکھا جائے اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ عوامی سطح پر روابط کو مزید وسعت دی جائے۔

اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ و مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، بینکاری و مالیات، سیاحت، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ طے پانے والے فیصلوں اور معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس، اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ پیش رفت کا جائزہ لینا ضروری ہے ، تاکہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو عملی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے ۔ ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ رشید میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دریں اثنا اقتصادی تعاون کے لئے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ راشد میریدوف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے ، زیر غور منصوبوں پر عملی پیشرفت تیز کرنے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے ، سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے ، تیل و گیس کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس جلد منعقد کرنے ، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور کراچی و گوادر بندرگاہوں کے ذریعے ترکمانستان کے تجارتی سامان کی نقل و حمل کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی بات چیت دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی ،اس کے علاوہ ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے مجوزہ بجلی کی ترسیل کے منصوبے اور اس سے منسلک فائبر آپٹک مواصلاتی رابطے پر بھی بات چیت ہوئی ،اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں زراعت، صنعت، سیاحت، ثقافت، اعلی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف نے کہا کہ تجارتی حجم میں اضافے ، تجارت سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسرے اجلاس کے نتائج، مشترکہ بزنس کونسل کے دوسرے اجلاس کی تیاری، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے ، تجارتی مراکز کے قیام، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت اور معاہدوں و قانونی فریم ورک میں بہتری کے اقدامات بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔

راشد میریدوف نے بتایا کہ فریقین نے چار فریقی تاپی منصوبے کو آگے بڑھانے اور اس کے تمام شرکا کے درمیان مربوط اقدامات کی اہمیت کی توثیق کی۔ منصوبے سے متعلق معاہدوں، رابطہ کاری، ٹرانزٹ، بنیادی ڈھانچے کے قابل اعتماد آپریشن اور توانائی کے وسائل کی فراہمی میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ زراعت، صنعت، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، ثقافت اور مالیاتی شعبے میں مزید عملی تعاون کے لیے مختلف سمتوں کا تعین کیا گیا مزید برآں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لئے پاکستان کی دیرینہ حمایت اور کثیرالجہتی نظام کے لئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے ۔انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار لانا نصیبہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ، نائب وزیراعظم ، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ ملی بینڈ نے ملاقات کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...