پنجاب اسمبلی اجلاس ارکان کی عدم دلچسپی 361 میں سے صرف 8 شریک
حکومت دوسرے روز بھی کورم پورا کرنے میں ناکام،اجلاس سوا گھنٹہ چل سکا ،کورم کی نشاندہی پر ملتوی چیف وہپ رانا ارشد ارکان کو لانے میں ناکام ،رکن طاہر پرویز کی بوائلر پھٹنے کے واقعات پر گفتگو،آج بھی اجلاس
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا 47واں اجلاس 3 گھنٹے 7 منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے کے بعد کورم پورا نہ ہونے پر آج بدھ کی صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ حکومت ایک بار پھر ایوان میں کورم پورا کرنے میں ناکام رہی،ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث 361ارکان میں سے صرف 8شریک ہوئے ، چیف وہپ رانا محمد ارشد بھی ارکان اسمبلی کو ایوان میں لانے کی کوشش کرتے رہے تاہم ارکان اسمبلی، وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز کی عدم توجہی کے باعث اجلاس صرف 1 گھنٹہ 22 منٹ ہی جاری رہ سکا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہو ا ، اجلاس کے موقع پر ایوان میں 5 حکومتی اور 3 اپوزیشن ارکان موجود تھے ۔اجلاس کے دوران حکومتی رکن اسمبلی طاہر پرویز نے فیصل آباد میں بوائلر پھٹنے کے واقعات میں مزدوروں کی ہلاکتوں کا معاملہ اٹھاتے کہا کہ آئے روز حادثات ہو رہے لیکن مزدوروں کے تحفظ کیلئے حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز حسن عسکری شیخ نے جواب دیا کہ بعض غیر رجسٹرڈ بوائلرز کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔
خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوتی ہے ۔سپیکر ملک محمد احمد نے پارلیمانی سیکرٹری کو طاہر پرویز کے ساتھ بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔رکن پیپلز پارٹی علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کیپ ٹاؤن میں منعقدہ کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس میں پنجاب اسمبلی کی خدمات کو سراہا گیا، پارلیمانی ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اپوزیشن رکن رانا شہباز نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کی فصل تیار کھڑی ہے لیکن ملیں گنا خریدنے کو تیار نہیں، حکومت گندم 3 ہزار سے 3500 روپے میں خرید کر ڈبل ریٹ پر فروخت کر رہی ہے ، گیس سلنڈر 7 ہزار روپے میں مل رہا ہے ،پیرا فورس کی کارکردگی کیا ہے ؟۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے فیکٹریاں بند ہونے اور لوگوں کے بے روزگار ہونے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت سے اقدامات کی تفصیلات طلب کیں۔ سردار محمد علی خان نے پیرا فورس کی کارروائیوں پر اعتراض کرتے کہا کہ فورس نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ،بعد ازاں کورم پورا نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن ملک احمد سعید خان نے اجلاس آج تک ملتوی کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments