سیکٹرسی 13تا 16متاثرین کو موجودہ ریٹ پر معاوضے کا حکم کالعدم

سیکٹرسی 13تا 16متاثرین کو موجودہ ریٹ پر معاوضے کا حکم کالعدم

ادائیگی میں تاخیر کی بنیاد پر زمین کا نیا ریٹ لاگو نہیں ہو سکتا:آئینی عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاوضہ، پلاٹ الاٹمنٹ، مارکیٹ ریٹ جائزہ کا حکم دیا تھا

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کے سیکٹرز سی 13سے سی 16کے اراضی متاثرین کو موجودہ مارکیٹ ریٹ پر معاوضہ دینے کا حکم کالعدم قرار، وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ اراضی کے حصول کے بعد معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کی بنیاد پر متاثرین کو موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دینے کا قانونی جواز نہیں، بعد کے سروے میں کسی عمارت کی نشاندہی معاوضے یا متبادل پلاٹ کا حق ثابت نہیں کرتی۔ چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے سی ڈی اے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر 23 اپیلوں پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کردیا۔

فیصلے کے مطابق سی 13 سے سی 16 کیلئے 14 ہزار 944 کنال اور 9 مرلے اراضی حاصل کی گئی تھی جس کیلئے 2 دسمبر 2008 کو ایوارڈ جاری کیا گیا۔ آئینی عدالت نے قرار دیا کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 1960 کے تحت اراضی کے حصول اور معاوضے کا ایک مخصوص قانونی طریقہ کار موجود ہے جسے نظرانداز کرکے عدالت اپنی طرف سے معاوضے کا نیا نظام وضع نہیں کر سکتی۔ اسلام آباد کی ترقی اور اراضی قیمتوں میں اضافے کو بنیاد بنا کر 17 سال پرانے ایوارڈ پر موجودہ مارکیٹ ریٹ لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ قانونی ایوارڈ کے طے شدہ معاوضے کی ادائیگی اور معاوضے کی رقم کا ازسرنو تعین دو الگ معاملات ہیں، انہیں خلط ملط نہیں کیا جا سکتا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...