حکومت نے چارماہ کے دوران 1637 ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا

 حکومت نے چارماہ کے دوران 1637 ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا

اکتوبر میں دوطرفہ معاہدوں کے تحت 5 کروڑ 99 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ، کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی ایک ارب ڈالر رہی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے حاصل رقم میں سالانہ بنیادوں پر 25 کروڑ ڈالر اضافہ ریکارڈ،گزشتہ ماہ44 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے اے ڈی بی نے مزید 50کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی، جووفاقی سول پنشن نظام کی اصلاحات کیلئے استعمال ہوگا

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)حکومت نے رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار جولائی سے اکتوبر کے دوران 16 سو  37 ارب روپے قرضہ لیا، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے مزید 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال کے دوران ابھی تک تقریبا ً988 ارب روپے زائد قرض لیا گیا ہے ۔ دستاویز کے مطابق اکتوبر کے دوران 122 ارب روپے قرضہ لیا گیا ہے ، اکتوبر 2025 کیساتھ موازنہ کیا جائے تو حکومت نے اکتوبر 2026 کے دوران تقریبا ً10 ارب روپے کم قرضہ حاصل کیا ہے ۔ اکتوبر 2025 کے دوران 133 ارب روپے سے زائد قرض لیا گیا تھا، اکتوبر کے دوران نان پراجیکٹ فنڈنگ جس میں بجٹری سپورٹ، شارٹ ٹرم قرضوں کی مد میں 90 ارب روپے قرض لیا گیا ہے جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ تقریبا ًساڑھے 24 ارب روپے موصول ہوئی، ڈالرز میں پاکستان نے رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار کے دوران جولائی سے اکتوبر تک مجموعی طور پر 5 ارب 90 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں موصول ہونے والے 3 ارب 2 کروڑ ڈالر کی نسبت 3 ارب 59 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی میں گزشتہ ماہ دوطرفہ معاہدوں کے تحت 5 کروڑ 99 لاکھ ڈالر اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی 1 ارب ڈالر رہی ۔ حکومت نے گزشتہ ماہ کے دوران نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ہوا اور 1 ارب کروڑ 26 لاکھ ڈالر مالیت کے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کا اجرا کیا گیا ۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے روایتی اور اسلامی دونوں طریقوں کے تحت اکتوبر 2026 میں 44 کروڑ ڈالر حاصل کیے جبکہ ستمبر 2026 میں 31 کروڑ ڈالر حاصل کیے تھے جبکہ گزشتہ مالی سال کے ستمبر میں یہ رقم 19 کروڑ ڈالر تھی ، یوں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 25 کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے اکتوبر میں چین سے پاکستان کو 30 کروڑ 55 ڈالر کے مجموعی ضمانتی قرضے موصول ہوئے ۔ دوسری جانب رواں مالی سال کے دوران ابھی تک پاکستان کو دوطرفہ قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 99 لاکھ ڈالر ملے جن میں سے گرانٹس کا شیئرز تقریبا ً1 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں دوطرفہ ذرائع سے 45 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔

اکتوبر میں دوطرفہ مالی معاونت میں فرانس نے 2 کروڑ ڈالر، جرمنی نے 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، جاپان نے 25 لاکھ ڈالر جبکہ سعودی عرب نے 1 کروڑ 41 لاکھ ڈالر فراہم کیے ۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو اکتوبر 2026 میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر موصول ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے ستمبر میں یہ رقم 1 ارب 10 کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھی ، جولائی سے اکتوبر کے دوران کثیرالجہتی قرض دہندگان میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 17 کروڑ ڈالر فراہم کیے جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر جاری کیے گئے ۔ ورلڈ بینک جولائی سے اکتوبر کثیرالجہتی قرض فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ رہا ، عالمی بینک کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان کو تقریبا ً42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ، اسی طرح اسلامی ترقیاتی بینک نے جولائی سے اکتوبر 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ قلیل مدتی فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 ڈالر سے زائد فراہم کیے۔

مجموعی طور پر اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے آغاز پر پاکستان کیلئے بیرونی مالی وسائل کے حصول میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کا کردار نمایاں طور پر بڑھا ہے اور بانڈز کے اجرا سے فنانسنگ حاصل کرنے میں اضافہ ہوا ہے جبکہ روایتی دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی، ستمبر 2026 کی نسبت اکتوبر 2026 میں بیرونی فنڈنگ میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ جولائی سے اکتوبر کے دوران تقریبا ً3 ارب ڈالر کا بانڈز جاری کیا گیا جس میں 1.75 ارب ڈالر پر شرح منافع 7.5 فیصد ہے جو 2032 میں میچور ہو گا اور 1.25 ارب ڈالر پر شرح منافع 7.9 فیصد ہے جو 2036 میں میچور ہو گا ۔ یہ قرض بجٹری سپورٹ کیلئے استعمال ہو سکے گا جس کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی وزارت خزانہ ہے ۔ مقامی کرنسی میں کنورٹ کرنے سے یہ رقم تقریبا ً818 ارب روپے بنتی ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، قرض وفاقی سول پنشن نظام کی اصلاحات کے لیے دیا جائے گا، اصلاحات سے پنشن کے بڑھتے مالی دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پنشن نظام کی پائیداری مضبوط اور ترقیاتی و سماجی اخراجات کے لیے مالی گنجائش بڑھے گی، پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات مالی سال 2016 سے تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں، وفاقی پنشن اخراجات اب سالانہ ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں، پنشن سکیم غیر فنڈڈ اور غیر شراکتی ہے جو سالانہ بجٹ سے چلائی جاتی ہے ۔ کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی کے مطابق پاکستان نے وفاقی پنشن نظام مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، پروگرام سے اصلاحات کو پائیدار اور ادارہ جاتی بنانے میں مدد ملے گی، اے ڈی بی کی معاونت سے ادارے مضبوط اور شفافیت بہتر ہوگی، قرض سے حکومت کے پنشن اصلاحات کے نفاذ کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی معاونت ہوگی، جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن سکیم میں شامل ہیں، اے ڈی بی کی معاونت سے پنشن مینجمنٹ بہتر اور ذمہ داریاں کم ہوں گی، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مالی شفافیت کو فروغ دیا جائے گا، پنشن سروسز کی فراہمی اور مستفیدین کی مالی خواندگی بہتر بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...