پختونخوا:3سابق وزراکی عبوری ضمانت،3ایم پی اوکے تحت گرفتار

پختونخوا:3سابق وزراکی عبوری ضمانت،3ایم پی اوکے تحت گرفتار

انسداددہشتگردی عدالت سے تیمورجھگڑا،کامران بنگش،عرفان کی ضمانتیں خارج ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی،پولیس نے حراست میں لے لیا،وکلا کی مزاحمت

پشاور(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش  اور عرفان سلیم کی 20لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض 23نومبرتک عبوری ضمانت منظور کر لی۔جبکہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت احاط عدالت سے گرفتارکرلیا،وکلا نے گرفتاری سے روکنے کیلئے سخت مزاحمت کی ،جس پرپولیس نے کچہری اورہائیکورٹ کے تمام گیٹ بند کردیئے ، قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت پشاور نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد پی ٹی آئی رہنماں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردی تھیں۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم عدالتی احاطے میں موجود وکلا نے مزاحمت کرتے ہوئے گرفتاری روک دی۔انسدادِ دہشتگردی عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر 2 گھنٹے قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد ازاں سناتے ہوئے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں دوران سماعت کمرہ عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ویڈیوز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان میں تو توڑ پھوڑ جیسا کچھ نظر نہیں آیا۔ اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے وضاحت کی کہ ان کا بنیادی کیس ہی یہ ہے کہ ملزمان نے عوام اور کارکنوں کو اشتعال دلائی اور ویڈیوز میں واضح نظر آ رہا ہے کہ وہ کارکنوں کو اکسا رہے ہیں ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم سنا دیا۔ عبوری ضمانت خارج ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے عدالتی احاطے میں موجود ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود وکلا کی بڑی تعداد نے پولیس کو روک دیا۔ تینوں ملزمان وکلا کے حصار میں عدالت کے احاطے میں موجود رہے جبکہ پولیس کی نفری بھی انہیں گرفتار کرنے کے لیے احاطے میں تعینات رہی۔بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...