بانی پی ٹی آئی کا خط پروپیگنڈا سے زیادہ کچھ نہیں :عظمیٰ بخاری
عمران نے این آر او مانگا، انہیں جوسہولیات میسر وہ کسی قیدی کو نہیں بشریٰ کو گنڈوئے سانپ لگتے ہیں تو ہمارا قصور نہیں :صوبائی وزیراطلاعات
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط علاج معالجے سے متعلق پروپیگنڈے سے زیادہ کچھ نہیں، انہوں نے تحریری طور پر اپنے دستخط کے ساتھ این آر او مانگا ہے ، دوسروں کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والا آج خود جیل میں بیمار ہوگیا ،جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کا شکوہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے ۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کے سیل سے سانپ نکلنے کی بات ہو یا بیگم کلثوم نواز کے ہسپتال پر دھاوا بولنے کا واقعہ، آج یہ لوگ مکافاتِ عمل کا شکار ہیں،سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل میں قید کے دوران آٹھ مرتبہ باقاعدہ طبی ماہرین نے معائنہ کیا۔
جیل میں ڈیوٹی پر موجود میڈیکل عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشارے (وائٹل سائنز) چیک کرتا ہے جبکہ خصوصی میڈیکل بورڈز نے مختلف اوقات میں ان کا تفصیلی طبی معائنہ بھی کیا ہے ، ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور فیصل سلطان بھی علاج اور طبی رپورٹس کے جائزے کے عمل سے وابستہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو جو طبی سہولیات میسر ہیں وہ پورے پاکستان میں کسی قیدی کو میسر نہیں، بشریٰ بی بی کا سیل میں چوہے ، کاکروچ اور سات چھوٹے سانپ نکلنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے ، بشریٰ بی بی نے اپنی ایک عدالتی درخواست میں جو من گھڑت باتیں کیں جیل حکام نے ان کی فوری تردید کی،اگر بشریٰ بی بی کو گنڈوئے ہی سانپ لگتے ہیں تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments