ن لیگ نئے صوبوں کے حق میں اپنا وزن ڈال سکتی
بلاول کے تحفظات سیاسی مفادات پر قدغن کا نتیجہ، پہلے کیا مجبوری تھی؟
تجزیہ:سلمان غنی
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ملک میں جاری سسٹم کے ری سیٹ کے جواب میں سیاسی ری سیٹ کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پیش رفت کی ضرورت ہے ، سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ تباہ کرایا گیا ہے ، انہوں نے ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ضمن میں زور زبردستی ہوئی تو عوام ہتھیار اٹھائیں گے اور کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا۔ انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بھی بات کی اور کہا کہ پی ٹی آئی سے بات کی جائے ، اگر دہشت گردی کے خلاف تعاون پر تیار ہوں تو گورنر راج ختم ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے 27ویں ترمیم کی منظوری کو بھی جبری قرار دیا اور کہا کہ اس کے جواب میں ججز کے استعفے اس پر عدم اعتماد تھا۔ بلاول بھٹو زرداری کے صوبوں کے حوالے سے انتہائی اعلان اور مرنے مارنے کے پیغام کے بعد ن لیگ کو اپنا مؤقف ضرور واضح کرنا پڑے گا اور لگتا ہے کہ اس ضمن میں ن لیگ اپنا وزن نئے صوبوں کے عمل کے ساتھ ڈال سکتی ہے ،تاہم یہ چاہے گی کہ نئے صوبوں کے لئے ریفرنڈم کی بجائے پارلیمنٹ کو بروئے کار لایا جائے۔
جہاں تک بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات کا تعلق ہے تو اب انہیں 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم بری نظر آ رہی ہے مگر رات کی تاریکی میں پاس ہونے والی اس ترمیم میں خود بلاول بھٹو زرداری کا کردار اہم تھا ،بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات سمجھنے میں بہت دیر کر دی کہ پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کی ایک سیاسی حقیقت ہے ، اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،ان کو دیوار سے لگانے کی پالیسی نے ملک میں سیاسی ٹکراؤ کو فروغ دیا ہے اور ان ساری پالیسیوں میں پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑی تھی ۔بلاول اب یہ بھی بتا دیتے کہ جن ایشوز کو بنیاد بنا کر آج وہ حقیقت بیانی کرتے نظر آ رہے ہیں، پہلے ان سے متعلق ان کی کیا سیاسی مجبوری تھی۔ اب یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ایوان صدر کے مکین ان کے والد محترم کیا ان کے خیالات کی تائید فرمائیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی میں فیصلہ سازی کا اختیار ان کے پاس ہے جہاں تک خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے اقدام پر ان کے تحفظات کا تعلق ہے تو اب انہیں یاد آ رہا ہے کہ منتخب حکومت کو ساتھ چلانا چاہئے تھا۔
اس وقت جب گورنر راج کی تیاریاں چل رہی تھیں تو پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کو پورے اختیارات سے گورنر راج کا ذمہ دار بنانے پر تلی ہوئی تھی اور آج عملاً خیبرپختونخوا پر انہیں کا راج ہے ، اگر جمہوریت سے پیار ان کے سر پر سوار ہے تو وہ فیصل کریم کنڈی کو پیچھے کر سکتے ہیں۔ایک سوال یہ ہے کہ آخر بلاول بھٹو زرداری نے مذکورہ تحفظات کے اظہار کے لئے اسی وقت کا کیوں انتخاب کیا ، تو اس کا واضح جواب ہے کہ ان کے سیاسی مفادات پر قدغن لگتی نظر آ رہی ہے ،جس سندھ کی سیاست پر پیپلز پارٹی نے آج تک گرفت قائم رکھی ہے اس میں نئے صوبوں کا عمل آگے بڑھتا ہے تو پھر سندھ کی سیاست سے اس کا تسلسل خطرے میں پڑے گا ،سندھ کے شہری علاقوں سے نئی قیادت ابھر کر آئے گی جو پیپلز پارٹی کے لئے بھیانک خواب ہے جس کی وہ متحمل نہیں ہو سکتی۔ جبکہ نئے صوبوں کے حوالے سے سرگرم عناصر یہ سمجھتے ہیں کہ ہر قیمت پر یہ فیصلہ نومبر، دسمبر میں کیا جائے اور سینیٹ کے انتخابات سے قبل اس پر پیش رفت ہونی چاہئے کیونکہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی اپنے تازہ دم نظریاتی لوگوں کو آگے لائے گی جو ہر طرح کے دباؤ کا مقابلہ کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments