عمران خان نے خط میں ریلیف ،این آر او نہیں حق مانگا:گوہر
سب استعفیٰ دیں، قومی حکومت،آزاد الیکشن کمیشن قائم ،انتخابات کرائے جائیں تباہی کا ٹوکرا سب کے سر:راجہ ناصر ،بلاول نے ٹھیک کہا نظام تباہ :سلمان اکرم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )بیرسٹرگوہر نے کہا کہ بلاول بھٹو کا سسٹم کی تباہی کا بیان تاخیر سے آیا ہے ، بلاول سمیت سارے لیڈر بتا دیں کہ کیسے سسٹم ری سیٹ کریں، یہ سارے ذاتی مفاد کیلئے اکٹھے ہوئے جس نے جو فائدہ لینا تھا لے لیا ، نیب کے قوانین تبدیل کر کے اپنے کیسز ختم کروا لیے ، بلاول نے تسلیم کرلیا کہ پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی ،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے قومی حکومت کی طرف آئیں، آزاد عدلیہ،الیکشن کمیشن قائم کریں اورانتخابات کرائیں، سب استعفیٰ دیں اور فوری نیشنل حکومت بنائیں اورہمیں انصاف دیں، قومی حکومت اگربنے گی تو سب کچھ نیا ہو گا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر کچھ نہیں ہے ، جو ہو گا بانی کے فیصلے سے ہی ہو گا، عمران خان خط میں این آراو ، ریلیف نہیں مانگ رہے وہ اپنا حق مانگ رہے ہیں،چیف جسٹس اس پر کارروائی کریں،انہوں نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ پیپلزپارٹی سے لانگ ٹرم قربت ہوسکتی ہے ہماری اورانکی پالیسی میں فرق ہے۔
ادھر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک کا نظام تباہ ہو چکا ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے درست نشاندہی کی ہے ، وزیراعظم اپنے وزرا کو کنٹرول نہیں کر سکتے تو نظام کیسے چلے گا، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، اسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے بڑے سیاسی رہنما ہیں، سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مطالبہ کیا کہ 18 اگست 2026 کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے ، انہوں نے کہا عمران خان سے ملاقات کے لیے آئندہ بھی مرضی سے لوگ بھیجیں گے تو سوال اٹھے گا،لسٹ میں موجود لوگوں کو ملاقات کیلئے بھیجا جائے گا تو سوال نہیں اٹھے گا ،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو بھی کچھ ہو رہا ہے ، اعتماد کی بحالی لازمی ہے ، تباہی و بربادی کا ٹوکرا سب کے سروں پر ہے ، اس وقت حل یہ ہے کہ 26ویں اور 27ویں ترمیم کو پارلیمنٹ کے ذریعے واپس لیا جائے ،اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا آئیے بیٹھ کر بات کریں، پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جائے ، پارلیمنٹ سے جو عدلیہ پر حملہ ہوا ہے اس ظلم کو تو روکا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments