مہنگائی میں اضافے سے صوبے میں بدامنی بڑھ چکی:پرویز الٰہی
پی ٹی آئی ارکان پنجاب اسمبلی سے گفتگو، صوبے کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال
لاہور (سیاسی نمائندہ)مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور معاشی صورتحال سمیت صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی رانا شہباز احمد، عبدالرزاق خان، وسیم بادوزئی، اویس ورک، سعید ورک، سلیم لابر اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی شریک تھے ۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ مہنگائی میں اضافے کے باعث صوبے میں بدامنی بھی بڑھ چکی ہے۔
رانا شہباز احمد نے کہا کہ حکومت کی مبینہ غلط گندم پالیسی کے باعث زراعت کا شعبہ بھی بحران کا شکار ہے ۔وسیم بادوزئی کا کہنا تھا کہ جب بھی شریف خاندان حکومت میں آیا ہے اس نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ عبدالرزاق خان نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران صوبے کے انتظامی اور معاشی معاملات کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور صوبے میں ناقص طرز حکمرانی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ اویس ورک نے کہا کہ انتظامی طور پر کوئی مؤثر کام نظر نہیں آ رہا اور حکومت کی غلط پالیسیوں پر کوئی پوچھ گچھ کرنے والا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments