خیبرپختونخوا میں فورسز کے آپریشن فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک کر دئیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، دہشت گردوں نے رہائشی مکانات میں دھماکا خیزمواد کی لیب بنا رکھی تھی جو سکیورٹی فورسز نے پکڑلی،فیکٹری سے بھاری مقدارمیں آئی ای ڈیز، کواڈ کاپٹر اور دھما کا خیزمواد تیار کرنے کا لٹریچر بھی برآمد کیا گیا، میرعلی سے کواڈ کاپٹرز اوربارودی مواد کی برآمدگی ثابت کرتی ہے کہ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار سے جڑے ہیں۔
ضلع بنوں میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ضلع ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران ایک خارجی کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ، علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کا عزم برقرار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، صدرآصف زرداری نے کہا ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔شہباز شریف نے کہا سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت مندی سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments